جسٹن گریوز کی شاندار فاسٹ بولنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کو پہلی اننگز میں 282 رنز پر آؤٹ کر کے 29 رنز کی برتری حاصل کر لی۔
برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 267 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی، تاہم ٹیم صرف 15 رنز کا اضافہ کر سکی اور 80.1 اوورز میں 282 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
تیسرے روز کے دوسرے سیشن کے آغاز پر جسٹن گریوز نے محمد عباس کو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ کر کے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی پانچ وکٹیں مکمل کیں۔
ٹیل اینڈر خرم شہزاد نے مزاحمت کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 19 رنز بنائے، لیکن کیمار روچ نے انہیں آؤٹ کرکے پاکستانی اننگز کا خاتمہ کیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جسٹن گریوز نے 11 اوورز میں صرف 27 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ کیمار روچ اور شمار جوزف نے دو، دو جبکہ جیڈن سیلز نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل پاکستان نے دن کا آغاز 199 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تھا۔ شان مسعود اور سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے 47 رنز کی شراکت قائم کی۔
شان مسعود نے شاندار سنچری اسکور کی، جو ان کے ٹیسٹ کیریئر کی ساتویں جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی سنچری تھی۔ وہ 184 گیندوں پر 109 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 12 چوکے شامل تھے جبکہ انکے بعد سلمان علی آغا 60 گیندوں پر 20 رنز بنا کر شمار جوزف کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
جسٹن گریوز نے یکے بعد دیگرے 3 رنز بنانے والے عامر جمال، پھر صفر پر ڈیبیو کرنے والے علی عثمان اور اسکے بعد 12 رنز بنانے والے محمد رضوان کی وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو شدید نقصان پہنچایا۔ جس کے باعث قومی ٹیم 259 رنز پر 8 وکٹیں گنوا بیٹھی اور بالآخر 282 رنز پر ڈھیر ہوئی۔
پاکستان کی پہلی اننگز کے جواب میں ویسٹ انڈیز کو 29 رنز کی برتری حاصل ہو گئی، جس سے میزبان ٹیم نے میچ میں مضبوط پوزیشن بنا لی۔