بہاول پور (ڈسٹرکٹ رپورٹر) محکمہ ٹیوٹا میں ہونے والی خالی اسامیوں پر بھرتی میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا انکشاف،تحقیقات کے لئے کمیٹی قائم کر دی گئی ،تفصیل کے مطابق محکمہ ٹیوٹا پنجاب بھر میں سنٹرل اور بورسٹل جیلوں میں گورنمنٹ ٹیکنکل ٹریننگ سنٹر کی طرف سے خالی اسامیوں پر بھرتیوں کیلئے امیدواروں نے درخواستیں ڈسٹرکٹ منیجرآفس میں جمع کرائیں،متعلقہ عملہ نے مبینہ طور پر امیدواروں کی درخواستوں میں سے انکے کاغذات نکال کر انہیں بھرتی کے میدان سے باہر نکال دیا ،ٹیوٹا سے ڈپلومہ حاصل کرنے والی امیدواروں مصباح،زنیرہ اور سائرہ کنول کے کاغذات ڈپلومہ مبینہ طور پر نکال کر بھرتی کے میدان سے آوٹ کر دیا گیا ، شبانہ حسن دختر حسن رضا نے میڈیا کو بتایا کے اس نے اکاونٹس کلرک اور أفس کلرک کے لئے بھرتی کی درخواستیں اپنی تعلیمی اسناد کے ساتھ لگائیں جن کو متعلقہ عملہ نے نکال دیا ہے۔ اسی طرح نسیم بی بی نے بتایا ہے اسکی بیٹی حافظہ سحرش طارق کا ڈومیسائل فائل میں سے نکال دیاگیا جبکہ انہوں نے اور دیگر امیدواروں نے چیئرمین ٹیوٹا پنجاب اور زونل منیجر ٹیوٹا ملتان کو تحریر ی شکایات اور ای میل کر دی ہیں، امیدواروں نے کہا کہ حکومت این ٹی ایس ٹیسٹ کرا کر بھرتی کرے جس سے میرٹ پر آنے والے امیدواروں کو نوکریاں مل سکیں اور کرپشن کا راستہ روکا جائے۔ اس سلسلہ میں زونل منیجر ملتان قاضی اسد سے پوچھا گیا تو انہوں نے بتایاکہ معاملہ ان کے نوٹس میں پہلے بھی آیاہے جس کی چھان بین کیلئے ایک کمیٹی بنادی گئی ہے انہو ں نے کہاکہ کسی بچے کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی اور اگر شکایات درست نکلیں تو ذمہ داران کے خلاف سختی محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔