نواب شاہ(بیورورپورٹ) واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین کی جانب سے 40ملازمین کے تبادلوں کیخلاف کام چھوڑ ہڑتال کی گئی اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ملازمین نے ایس ای حیسکو کیخلاف نعرے بازی بھی کی ۔تفصیلات کے مطابق واپڈا ہائیڈرو سیٹرل الیکٹرک لیبر یونین نے ایس ای حیسکو کی جانب سے ملازمین کے بلاجواز تبادلوں کیخلاف جمعرات کو کام چھوڑ ہڑتال کی اور دفاتر کی تالہ بندی کی گئی بعدازاں ملازمین نے نوابشاہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا،دھرنا دیا اور نعرے بازی کی۔اس موقع پر یونین کے رہنماؤں انور چانڈیو،اصغر خاصخیلی، غفار بیگ،نظام ملک جاوید قریشی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے تعینات ہونیوالے سپرنٹنڈنگ انجینئرحیسکو نوابشاہ سرکل ملک امتیاز نے ہائیڈ رو یونین کیخلاف انتقامی کارروائی کرتے ہوئے یونین کے جنرل سیکریٹری سمیت 40ملازمین کے بلاجواز تبادلے کر دیئے ہیں جبکہ ایس ای کا ملازمین کیساتھ رویہ بھی انتہائی نا مناسب ہے ۔انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر ملازمین کے تبادلے کا حکم نامہ فوری طور پر واپس نہ لیا گیا تو ایس ای آفس کا گھیراؤکیا جائیگا۔