کراچی (اسٹاف رپورٹر) ورلڈ جونئیر اسکواش چیمپئن شپ جیتنے کے بعد پاکستان کی جونیئر اسکواش ٹیم جمعے کو وطن پہنچ گئی۔ راولپنڈی کے نور خان ایئربیس پر ایئر چیف مارشل سہیل امان نے جونئیر ٹیم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان اسکواش فیڈریشن کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ عالمی اسکواش کو تسخیر کرنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کو شاندار کارکردگی پر پھولوں سے لاد دیا گیا ۔ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہاکہ ٹیم نے پاکستان کا نام روشن کیا، کھلاڑیوں کا جذبہ دیکھ کر امید ہے کہ آئندہ ورلڈ چمپئن بھی پاکستان کا کھلاڑی ہوگا۔ قوم کو جونئیر ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنا چاہیے ، اس جیت کے بعد ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ کھلاڑیوں نے فیڈریشن سے جو مانگا وہ انہیں دیا گیا۔ یہ کامیابی پہلا قطرہ ہے، فیڈریشن کو تین سال کا ٹارگٹ دیا ہے لیجنڈ کھلاڑیوں کی مشاورت سے فیڈریشن اسکواش کی ترقی کیلئے مزید اقدامات کرے گی۔ رواں سال 25 ہزار امریکی ڈالرز کے 4 مزید انٹرنیشنل ایونٹس پاکستان میں منعقد کئے جائیں۔ پولینڈ میں ورلڈ جونئیر اسکواش چیمپئن شپ میں امریکی اور آسٹریلوی کھلاڑیوں کو شکست دینے کے بعد قومی فائنل میں پہنچی اور فائنل میں عباس شوکت نے مارون طارق کو شکست دے کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا ٹیم کے کوچ امجد خان اور ٹیم منیجر قمر زمان نے بھی جونئیر ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ ٹیم کے کوچ امجد خان اور منیجر قمر زمان بھی ٹیم کے ہمراہ تھے۔