• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ کی 117 سالہ خاتون نے طویل العمری کا نیا سنگِ میل عبور کر لیا

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

گلاسکو: گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کے مطابق اس وقت دنیا کی معمر ترین زندہ خاتون برطانیہ کی ایتھل کیٹرم ہیں، جنہوں نے سِرے کے ایک نرسنگ ہوم میں اپنی 117ویں سالگرہ منا کر ایک تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا۔

1909ء میں پیدا ہونے والی ایتھل کیٹرم نے گزشتہ ایک صدی سے زائد عرصے میں دونوں عالمی جنگوں، بےشمار تاریخی تبدیلیوں اور کورونا وبا سمیت دنیا کے کئی بڑے واقعات دیکھے ہیں۔

حیرت انگیز طور پر انہیں 110 برس کی عمر میں کورونا وائرس کا بھی سامنا کرنا پڑا، تاہم وہ مکمل طور پر صحت یاب ہوگئیں۔ وہ 97 برس کی عمر تک خود گاڑی بھی چلاتی رہیں۔

گزشتہ سال ان کی برطانیہ کے بادشاہ کنگ چارلس سوم سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔ اگرچہ ایتھل کیٹرم اس وقت دنیا کی معمر ترین زندہ شخصیت ہیں، تاہم طویل ترین مصدقہ عمر کا عالمی ریکارڈ اب بھی فرانس کی جین کالمان کے پاس ہے، جن کا 1997ء میں 122 سال اور 164 دن کی عمر میں انتقال ہوا تھا۔

ایتھل کیٹرم اپنی طویل عمر کا راز جھگڑوں سے دور رہنے، دوسروں کی بات زیادہ سننے، کم بولنے اور اپنی مرضی کے مطابق سادہ زندگی گزارنے کو قرار دیتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ممکن ہے دنیا میں اس سے بھی زیادہ عمر کے افراد موجود ہوں، تاہم ان کی عمر کے مستند اور بین الاقوامی طور پر تصدیق شدہ ریکارڈ دستیاب نہیں، اس لیے گینیز ورلڈ ریکارڈز صرف تصدیق شدہ شواہد کی بنیاد پر ہی عالمی ریکارڈ تسلیم کرتا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید