• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیوٹن کسی نیٹو رکن ملک پر حملہ نہیں کریں گے: ڈونلڈ ٹرمپ

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کسی نیٹو رکن ملک پر حملہ نہیں کریں گے۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف کی جانب سے روسی حکام کو ایسے کسی حملے سے خبردار کرنے کی اطلاعات کو بھی مسترد کر دیا۔

امریکی صدر نے کہا ہے کہ روس کی جانب سے نیٹو ملک پر حملے کا کوئی امکان نہیں، سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف کو روس بھیجے جانے کا مقصد کوئی خصوصی پیغام پہنچانا نہیں تھا۔

ٹرمپ کے مطابق جان ریٹکلف ہر 6 ماہ یا سال میں اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات کرتے ہیں، دونوں کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، اس ملاقات میں نہ کوئی خصوصی پیغام دیا گیا اور نہ ہی کچھ غیر معمولی ہوا۔

ٹرمپ کا بیان ’وال اسٹریٹ جرنل‘ کی اس رپورٹ کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ جان ریٹکلف نے ماسکو کا دورہ کر کے روس کو نیٹو کے کسی رکن ملک پر حملے سے باز رہنے کا انتباہ دیا۔

رائٹرز کے مطابق جان ریٹکلف نے ملاقات کے دوران نیٹو کے کسی رکن ملک کے خلاف ممکنہ روسی کارروائی کا معاملہ ضرور اٹھایا، تاہم یہ واضح نہیں کہ آیا ان کے دورے کا واحد مقصد یہی تھا۔

رائٹرز کے ذرائع کے مطابق ملاقات میں متعدد امور پر بات ہوئی، جن میں ایران کے لیے روس کی حمایت بھی شامل تھی، جو امریکا کے لیے باعثِ تشویش رہی ہے۔

دوسری جانب یورپی اور امریکی انٹیلی جنس حکام طویل عرصے سے یورپ میں روس کی تخریبی اور ’گرے زون‘ کارروائیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں، یہ کارروائیاں مکمل جنگ کی سطح سے کم ہوتی ہیں اور ان کا مقصد نیٹو کے اتحاد اور یوکرین کی حمایت کے لیے رکن ممالک کے عزم کو کمزور کرنا سمجھا جاتا ہے۔

مغربی انٹیلی جنس حکام کے مطابق حالیہ مہینوں میں زیرِ نگرانی ممکنہ منصوبوں میں یہ خدشہ بھی شامل ہے کہ روس کسی ’فالس فلیگ‘ کارروائی کے تحت یوکرینی ڈرون استعمال کر کے مشرقی یا شمال مشرقی یورپ کے کسی ملک کو نشانہ بنا سکتا ہے تاکہ حملے کے پیچھے ماسکو کا کردار چھپایا جا سکے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید