بالی ووڈ کے معروف فلم ساز راجکمار ہیرانی نے عالمی شہرت یافتہ فلم ’3 ایڈیٹس‘ کے سیکوئل کی تیاری کی تصدیق کر دی اور فلم کی کاسٹ کے حوالے سے بھی اہم تفصیلات بتا دیں۔
63 سالہ راجکمار ہیرانی نے بالی ووڈ کو ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘، ’لگے رہو منا بھائی‘، ’پی کے‘ اور ’سنجو‘ سمیت کئی کامیاب اور یادگار فلمیں دی ہیں۔
گزشتہ کچھ عرصے سے ’3 ایڈیٹس‘ کے سیکوئل کی تیاری سے متعلق خبریں گردش کر رہی تھیں، تاہم اب ہدایت کار نے خود ان خبروں کی تصدیق کر دی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں راجکمار ہیرانی سے ’3 ایڈیٹس‘ کی نئی فلم کے حوالے سے سوال کیا گیا، جس پر انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا ہے کہ فلم کی اسٹوری پر کام جاری ہے اور جب اسکرپٹ درست مرحلے تک پہنچ جائے گا تو اس حوالے سے مزید بات کی جائے گی۔
فلم کی کاسٹ کے بارے میں پوچھے جانے پر راجکمار ہیرانی نے تصدیق کی کہ سیکوئل میں بھی اصل فلم کے ہی مرکزی اداکار شامل ہوں گے، عامر خان، شرمن جوشی اور آر مادھون ہی نئی فلم کا حصہ ہوں گے۔
ودھو ونود چوپڑا کی پروڈیوس کردہ ’3 ایڈیٹس‘ اپنے دور کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بالی ووڈ فلم بن گئی تھی۔
فلم کی کہانی دو دوستوں فرحان اور راجو کے گرد گھومتی ہے، جو اپنے کالج کے گمشدہ دوست رینچو سے دوبارہ ملنے کی کوشش کرتے ہیں۔