بالی ووڈ کے سپر اسٹارز کرینہ کپور اور عامر خان ایک بار پھر رینچو اور پیا کے کرداروں میں جلوہ گر ہونے جا رہے ہیں، 2009 کی بلاک بسٹر فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کے سیکوئل پر کام تیزی سے جاری ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کے ہدایتکار راجکمار ہیرانی نے نئی فلم کی اسکرپٹ فائنل کر لی ہے اور کرینہ کپور سمیت عامر خان کو بھی اس منصوبے کے لیے سائن کر لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سیکوئل کی شوٹنگ اگلے سال شروع ہونے کا امکان ہے جس میں مرکزی کاسٹ ایک بار پھر ایک ساتھ نظر آئے گی۔
اگرچہ فلم کے سیکوئل سے متعلق خبریں گرم ہیں، تاہم راجکمار ہیرانی، عامر خان، کرینہ کپور یا فلم کی پوری ٹیم کی جانب سے اس متعلق ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
2009 میں ریلیز ہونے والی ’تھری ایڈیٹس‘ بھارت سمیت دنیا بھر میں شاندار کامیابی حاصل کرنے والی فلم تھی جس کے ڈائیلاگز اور کردار آج بھی زبان زد عام ہیں۔