جماعت اسلامی نے حکومت کی جانب سے دھرنے ختم کرنے کی درخواست مسترد کردی۔
مسلم لیگ ن کے وفد نے منصورہ لاہور میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی، وفاقی وزراء سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت نے دھرنے موخر کرنے کی درخواست کی تھی، ہم نے کہا دھرنے بھی چلتے رہیں گے، بات چیت بھی چلتی رہے گی، حکومت سے بات چیت کیلئے لیاقت بلوچ کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 19دن سے ملک میں 30 جگہ جماعت اسلامی کے دھرنے ہورہے ہیں، ہمیں کوئی شوق نہیں عوام کو درپیش مسائل کی وجہ سے دھرنے دیے، 6 سال میں ملک میں غربت میں 33 فیصد اضافہ ہوا، حکومتی رپورٹ کے مطابق 40 فیصد سے زائد افراد غربت کی لکیر سے نیچے ہیں، موٹر سائیکل والا ایک لیٹر پیٹرول پر 35 فیصد ٹیکس ادا کرنے پر مجبور ہے، اس بجلی کے پیسے عوام دینے پر مجبور ہیں جو بنتی بھی نہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرول پر لیوی معطل کرنے کے بجائے اس میں اضافہ کیا گیا، جب سے لیوی شروع ہوئی ہے،8 ہزار ارب روپے جمع ہوچکے ہیں، اس سال تو حکومت نے لیوی کی مد میں ہدف سے زیادہ رقم جمع کی ہے، مہنگائی نے لوگوں کا جینا دو بھر کردیا ہے، پیٹرول کی قیمت، لیوی، آئی پی پیز اور روٹی کی قیمت کم کرنا ہمارے مطالبات ہیں، پیٹرول پر لیوی ختم اور قیمت بھی کم ہونی چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جن پر ٹیکس عائد نہیں ہوتا وہ بھی 35 فیصد ٹیکس ادا کر رہا ہے، پیٹرولیم لیوی کا مقصد ریفائنریز کو بہتر کرنا تھا، ہم سے جنگی حالات میں بھی لیوی وصول کی گئی، ری گیسیفکیشن کے پلانٹس پر بھی کیپسٹی پیمنٹ وصول کی جا رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بہت سارے شہروں میں آج مکمل ہڑتال ہوئی ہے، دھرنے بھی چلتے رہیں گے، بات چیت بھی چلتی رہے گی۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ہم سب چاہتے ہیں کہ عوام کو ریلیف ملے اس کیلئے حکومت نے ٹیم تشکیل دی ہے، جماعت اسلامی سے بھی کہا ہے کہ اگر ایسی تجاویز ہیں جس سے پیٹرول کی قیمتوں کا بوجھ کم کر سکیں تو دیں، حافظ نعیم الرحمان کا شکریہ کہ اچھے انداز میں ہماری گفتگو سنی۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ملک میں اس وقت ایسی صورتحال ہو جس سے دشمن فائدہ اٹھائیں، موجودہ صورتحال کا تقاضا ہے کہ ہم سب مل کر داخلی امن قائم رکھنے کی کوشش کریں۔
رانا صاحب آپ نے اتنی باتیں کی ہیں تھوڑی اور بھی کرلیں، حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس میں مائیک رانا ثنا اللہ کے حوالے کیا۔
سینئر رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان نے بتایا ہے کہ ان کے پاس ایسی تجاویز ہیں جن سے عوام کو ریلیف ملے گا، حکومت قابل عمل تجاویز پر عمل کرے گی۔