• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گانا ’وڈیرے کا بیٹا‘ یہ کہہ کر ریجیکٹ کیا گیا کہ اس میں نہ کوئی لڑکی ہے، نہ رومانس: علی گل پیر

---تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا
---تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

معروف پاکستانی ریپر علی گل پیر نے اپنے مشہور گانے ’وڈیرے کا بیٹا‘ کی تیاری اور اس کے ذریعے راتوں رات شہرت حاصل کرنے کی داستان سنا دی۔

علی گل پیر نے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں موجود مختلف کرداروں نے مجھے اس گانے کا خیال دیا، جن میں جاگیردار خاندانوں کے وہ بیٹے بھی شامل تھے جو میرے اسکول میں پڑھتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ لڑکے ایک پک اپ وین میں سفر کرتے تھے جبکہ دوسری گاڑی میں ان کے محافظ ہوتے تھے، انہیں دیکھ کر طلبہ انہیں ’سائیں‘ کہہ کر پکارتے تھے۔

گلوکار کے مطابق پروڈکشن ہاؤس میں تقریباً 6 سے 7 ماہ کام کرنے کے بعد میں نے یہ گانا لکھا اور اسے مکمل کرنے میں تقریباً 1 گھنٹہ لگا، میرا مقصد جاگیردار کے بیٹے کے نقطۂ نظر سے ایک مزاحیہ گانا پیش کرنا تھا۔

 علی گل پیر نے کہا کہ میں اپنا گانا اپنے دوست کے پاس لے کر گیا، جو اب عاطف اسلم کے ڈرمر ہیں، عزیز کاظمی کے پاس پرانا پینٹیئم 4 کمپیوٹر تھا اور اسی سسٹم پر گانے کی موسیقی تیار کی گئی۔

ان کا کہنا ہے کہ گانے کی ویڈیو بنانے کے لیے میں نے ایک ایسے دوست سے کیمرا ادھار لیا جو شادیوں کی ویڈیوز بناتا تھا، دوستوں کی مدد اور مختلف لوگوں کے تعاون سے تیار کیے گئے اس گانے کا کل بجٹ تقریباً 15 ہزار روپے تھا۔

گلوکار نے کہا کہ اس وقت ٹیلی ویژن پر کئی میوزک چینلز موجود تھے، میں نے اظفر علی کے ذریعے ایک چینل سے رابطہ کیا، تاہم مجھے یہ کہہ کر گانا نشر کرنے سے انکار کر دیا گیا کہ اس میں نہ کوئی لڑکی ہے، نہ رومانس اور نہ ہی محبت کی کہانی، اس لیے یہ ٹی وی پر نہیں چلے گا۔

علی گل پیر نے بتایا کہ میں نے چینل سے درخواست کی کہ اس گانے پر بہت محنت کی ہے، اس لیے کم از کم اسے نشر کر کے ناظرین کا ردِعمل دیکھنے کا موقع دیا جائے، تاہم میری درخواست مسترد کر دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ مایوس ہو کر میں نے 2012ء میں گانا یوٹیوب پر اپ لوڈ کر دیا، ویڈیو نے صرف 4 گھنٹوں میں ایک لاکھ ویوز حاصل کر لیے اور مجھے راتوں رات شہرت مل گئی۔

علی گل پیر کے مطابق شہرت کے فوراً بعد مالی فوائد حاصل نہیں ہوئے، اس وقت بھی میں بسوں میں سفر کرتا تھا جبکہ کام اور آمدنی آہستہ آہستہ آنا شروع ہوئی، ’وڈیرے کا بیٹا‘ کی کامیابی کے بعد شوبز میں نئے مواقع کے دروازے کھلے۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے بعد میں سندھ فیسٹیول کے لیے ایک اور گانا تیار کیا اور اسے پرفارم بھی کیا، جہاں راحت فتح علی خان سمیت دیگر معروف فنکاروں نے بھی شرکت کی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید