میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو کراچی آنے کی مشروط اجازت دے دی۔
گزری میں کمیونٹی سینٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دوست کراچی آنا چاہتے ہیں تو آجائیں، ایک بات یاد رکھیں کہ پاکستان کے خلاف کوئی بات نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے پی ٹی آئی کے لوگوں سے کوئی اختلاف نہیں، جب کوئی جلسہ یا مجمع ہوتا ہے تو انتظامیہ اس کے لیے کام کرتی ہے، پیپلز پارٹی کا جلسہ بھی ہو تو کنٹینرز لگائے جاتے ہیں۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ کمیونٹی سینٹرز کا شمار بھی بنیادی سہولتوں میں ہوتا ہے، بڑے لوگ اور صاحبِ حیثیت افراد بڑے بڑے لان میں اپنے پروگرام کرلیتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ عام آدمی کے لیے کوئی راستہ نہیں ہوتا جس پر ہم اب بڑے پیمانے پر کام کر رہے ہیں، ہم شہریوں کے لیے مزید کمیونٹی سینٹرز بنائیں گے۔
مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ اس وقت پاکستان کا واحد بڑا شہر ہے۔ جہاں بلدیاتی حکومت فعال ہے، ماضی میں جنہوں نے شہر کا بیڑا غرق کیا، انہیں بھی آج الگ انتظامی یونٹ چاہیے۔