• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انقرہ میں یومِ اقبال کی پروقار تقریب، علامہ اقبال کے افکار و فلسفے کو خراجِ عقیدت

ترکیہ میں پاکستانی سفارتخانہ انقرہ نے پاکستان ایمبیسی انٹرنیشنل اسٹڈی گروپ (PEISG) کے اشتراک سے یومِ اقبال کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا۔ یہ تقریب علامہ محمد اقبال کے 150ویں یومِ ولادت کے حوالے سے سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا حصہ تھی۔

تقریب میں پاکستانی، ترک اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے شرکت کی، جبکہ ترکیہ میں پاکستان کی سفیر محترمہ آمنہ بلوچ مہمانِ خصوصی تھیں۔

تقریب کا آغاز پاکستان ایمبیسی انٹرنیشنل اسٹڈی گروپ کے ڈائریکٹر غالب گیلانی کے استقبالیہ کلمات سے ہوا۔ اس موقع پر طلبہ اور اساتذہ نے علامہ اقبال کے کلام اور افکار پر مبنی منظوم کلام اور موسیقی کے خوب صورت مظاہرے پیش کیے۔

ان پیشکشوں کا محور بالخصوص اقبال کا تصورِ خودی تھا، جس میں خود شناسی، ایمان و یقین، اپنی صلاحیتوں کی پہچان اور فکری بیداری کا پیغام نمایاں ہے۔

بین الاقوامی برادری سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے بھی علامہ اقبال کی شاعری کے منتخب حصے پیش کیے اور ان کے کلام سے متاثر ہو کر تیار کی گئی دھنوں پر سازینہ موسیقی کا مظاہرہ کیا۔

مہمانِ خصوصی سفیر پاکستان آمنہ بلوچ نے اپنے کلیدی خطاب میں علامہ اقبال کو ایک عظیم شاعر، فلسفی اور مفکر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے علمی و فکری کارنامے آج بھی مسلم دنیا کی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

انہوں نے اقبال کے فلسفۂ خودی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس فکر کا بنیادی پیغام خود اعتمادی، علم، ایمان اور زندگی کے ہر شعبے میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے کے لیے مسلسل جدوجہد ہے۔

سفیر پاکستان نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ علامہ اقبال کے افکار سے رہنمائی حاصل کریں اور علمی و فکری ترقی، خود اعتمادی اور انسانیت کی خدمت کے ان کے سنہری اصولوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔

انہوں نے تقریب کے انعقاد پر اسکول کی انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی تقریبات پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ ثقافتی روابط اور عوامی سطح پر باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

اس سے قبل انقرہ یونیورسٹی کے شعبۂ اردو کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر آئی کت نے اپنے خطاب میں علامہ اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے آفاقی پیغام اور ادب و فلسفے کے میدان میں گراں قدر خدمات کو اجاگر کیا۔

انہوں نے علامہ اقبال کو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ایک روحانی اور فکری پل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی تعلیمات آج بھی نئی نسل کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید