• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز نے پنجاب میں ترقیاتی کاموں کو نئی رفتار دی: ملک نور اعوان

پاکستان مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دور میں صوبے میں جس رفتار سے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔

انہوں نے یہ بات چکوال کے سرکٹ ہاؤس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ملک نور اعوان نے کہا کہ پنجاب کے عوام خوش قسمت ہیں کہ انہیں مریم نواز جیسی وزیراعلیٰ ملی ہیں، جنہوں نے صوبے میں ترقیاتی کام تیزی سے شروع کرائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کاموں کے اثرات پنجاب کے مختلف علاقوں میں دکھائی دے رہے ہیں اور صفائی ستھرائی سمیت عوامی سہولتوں کے معیار میں بہتری بھی نظر آ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے دورۂ جاپان کے دوران وہاں کے انتظامی طریقوں اور عوامی خدمات کے معیار کا مشاہدہ کیا اور اس تجربے سے پنجاب میں بھی فائدہ اٹھایا۔

ان کے بقول صفائی کے بہتر انتظامات اور شہری خدمات کے معیار پر دی جانے والی توجہ میں اس دورے کی جھلک دیکھی جا سکتی ہے۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بیرونِ ملک مسلم لیگ (ن) کے کارکن جماعت کا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے ملک نور اعوان کی جماعتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو ان جیسے کارکنوں پر فخر ہے۔

قومی خبریں سے مزید