• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیرونی محاذ پر ملکی کامیابیوں سے ہم زمین سے آسمان پر پہنچ گئے: مصطفیٰ کمال

وفاقی وزیر صحت اور ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ بیرونی محاذ پر پاکستانی کامیابیوں سے ہم زمین سے آسمان پر پہنچ گئے ہیں۔

حیدر آباد میں یوم دفاع پاکستان تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے تیسری عالمی جنگ رکوائی ہے، آج ہم سپر پاور کے ساتھ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر عزت سے بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج سےایک سال قبل پاکستانیوں کی کوئی قدر نہیں تھی، آج سب قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، بیرونی محاذ پر پاکستان کی کامیابیوں سے ہم زمین سے آسمان پر پہنچ گئے ہیں۔

وفاقی وزیر صحت نے مزید کہا کہ سپر پاورز اپنے مسائل کو حل کرنے کے لیے پاکستانی فیلڈ مارشل، وزیراعظم کی طرف دیکھ رہی ہیں۔ آج ہمارا دفاعی معاہدہ سعودی عرب اور ترکیے سے ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ دنیا جان چکی ہے کہ اس ریجن میں کوئی قوم اور فوج ہےتوپاکستانی فوج اور قوم ہے، پاکستانی فوج نے اپنے سے 6 گنا بڑی فوج کو شکست سے ہمکنار کیا۔

مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ اپنے شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کےلیے ہر پاکستانی یہ دن منارہا ہے، ایم کیو ایم پاکستان شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرنے کے لیے یہاں جمع ہے۔

قومی خبریں سے مزید