متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ اب ہم معرکہ حق سے معرکہ معیشت کی جانب جارہے ہیں۔
حیدرآباد میں یوم دفاع پاکستان کی تقریب سے خطاب میں فاروق ستار نے کہا کہ آج ہم پاکستان کا 61واں یوم دفاع منا رہے ہیں۔ 6 ستمبر 1965 ہمارا پہلا معرکہ حق تھا۔
انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر کو پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بنی، 14 اگست کی طرح اس دن کی بھی اہمیت ہے۔ تمام شہداء کو زبردست خراج تحسین و عقیدت پیش کرتے ہیں۔
ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ ہمارے جوانوں نے اس آزادی کی خاطر جانوں کا نذرانہ دیا۔ پہلی بار دنیا نے دیکھا کہ ہمارے جوانوں نے اپنے جسموں پر بم باندھ کر دشمن کو ناکام بنایا۔
اُن کا کہنا تھا کہ 10 مئی 2025ء معرکہ حق 2 میں ایمرجنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے ان کے رافیل کو کرارا جواب دیا، ڈونلڈ ٹرمپ کی گنتی ابھی تک ختم نہیں ہوئی وہ 10، 11 تک تو پہنچ چکے ہیں۔
فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی اصلاحات کے ایجنڈے کو قائم کیا جائے تاکہ حکومت اور عوام کے درمیان فاصلہ ختم ہو۔
انہوں نے کہا کہ اب ہم معرکہ حق سے معرکہ معیشت کی جانب جارہے ہیں، 62ویں یوم دفاع کا انتظار کریں اور دیکھیں حیدرآباد اور کراچی کس طرح قائدانہ کردار ادا کرتا ہے۔