بالی ووڈ کے سینئر اداکار راہول رائے جو بگ باس کے پہلے سیزن کے فاتح بھی رہ چکے ہیں، 2020 میں برین اسٹروک کا شکار ہوئے جس کے بعد انھوں نے اپنا کیریئر دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کی اس دوران انھیں مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے 58 سالہ اداکار نے بتایا کہ بعض اوقات وہ شادی کی تقریبات میں ڈانس کرکے 2 سے 4 لاکھ روپے تک کما لیتے ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں راہول نے کہا کہ برین اسٹروک کے بعد ان کے لیے کام حاصل کرنا مشکل ہوگیا تھا، اس لیے حالات سے نبرد آزما ہونے کے لیے جو بھی مواقع ملے ہیں قبول کیا۔
انھوں نے اس موقع پر ان مشکلات کا بھی ذکر کیا جن کا وہ اس وقت سامنا کر رہے ہیں۔ جن میں ان کے اپنے بھائی کے ساتھ 30 لاکھ روپے سے متعلق قانونی تنازع بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنی طلاق کے بعد کی مالی صورتحال کے بارے میں بھی بات کی۔ راہول کے مطابق علیحدگی کے دوران انہوں نے اپنے اثاثے اہلیہ کے نام منتقل کر دیے تھے جس کے بعد اب وہ مالی حالات کو دوبارہ بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ میں 60 سال کی عمر میں اپنی سلطنت دوبارہ قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ شادیوں میں ڈانس کرنے کی ان کی وائرل ویڈیوز پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا میرے اخراجات ہیں اور مجھے پیسوں کی ضرورت ہے۔ فالج نے ان کے کیریئر پر گہرا اثر ڈالا اور گزشتہ چند برسوں کا زیادہ تر وقت صحتیاب ہونے میں گزر گیا، جس کے باعث وہ اتنا کام نہیں کر سکے جتنا وہ کرنا چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے دوبارہ سیٹ پر واپس آ کر کیمرے کا سامنا کرنے پر بہت خوشی ہوئی۔ میں ان لوگوں کا بے حد شکر گزار ہوں جو مجھ پر اعتماد کر رہے ہیں۔ فلموں میں اپنے 37 سالہ سفر کے دوران مجھے یقین ہے کہ میں نے کچھ اچھا کام کیا ہے اور اب میں مزید کام کرنے کے لیے پُرامید ہوں
راہول نے واضح کیا کہ انہیں کسی نے چھوڑا نہی اور ان کے پاس سب کچھ موجود ہے۔ سادہ طرزِ زندگی ان کی ذاتی پسند ہے۔ وہ سادہ کپڑے پہننا پسند کرتے ہیں، باڈی گارڈ نہیں رکھتے اور کبھی کبھار آٹو رکشہ میں سفر بھی کرتے ہیں کیونکہ یہ آسان اور تیز ذریعہ ہے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب راہول کی کانٹینٹ کریئٹر ڈاکٹر ونیٹا گھاڈگے ڈیسائی کے ساتھ بنائی گئی کئی ریلز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔ ان میں سے ایک ویڈیو میں فلم پھر تیری کہانی یاد آئی کے گانے تیرے در پہ صنم کا استعمال کیا گیا تھا، جس میں راہول نے پوجا بھٹ کے مدمقابل اداکاری کی تھی۔
جہاں کچھ سوشل میڈیا صارفین نے ان ویڈیوز پر تشویش کا اظہار کیا، وہیں کچھ لوگوں نے ان کلپس کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
راہول رائے اپنی فلموں عاشقی، جنون اور پھر تیری کہانی یاد آئے کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔ وہ آخری بار کنو بہل کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم آگرہ میں نظر آئے تھے۔