عاشقی فیم راہول رائے نے انکشاف کیا ہے کہ 2020ء کے برین اسٹروک کے بعد میرے اسپتال کے بل بالی ووڈ کے بھائی جان سلمان خان نے ادا کیے۔
راہول رائے کو 2020ء میں فلم ’ایل اے سی‘ کی شوٹنگ کے دوران برین اسٹروک ہوا، جس کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں وہ تقریبا ڈیڑھ ماہ زیر علاج رہے۔
اداکار اور اُن کی بہن پریانکا نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اسپتال کے بل سلمان خان نے ادا کیے اور کبھی میڈیا پر اس کا ذکر تک نہیں کیا۔
اداکار کی بہن نے دوران گفتگو سلمان خان کو قیمتی نگینہ قرار دیا اور کہا کہ مشکل وقت میں کوئی آکر آپ سے پوچھ لے کیا آپ کی مدد کرسکتا ہوں ،یہی بڑی بات ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سلمان خان نے راہول کو فون کیا اور پوچھا کسی مدد کی ضرورت ہے؟ پھر وہ مدد کو آئے اور تمام بل ادا کیے۔
اداکار کی بہن نے یہ بھی کہا کہ میں سلمان خان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں، جو صرف کیمرے کے سامنے ہی نہیں حقیقی زندگی میں بھی اسٹار ہیں۔
راہول رائے کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ سب بولتے ہیں کہ سلمان خان ایسا ہے یا ویسا ہے، لیکن وہ میرے لیے اچھا انسان ہے۔
پریانکا نے اس موقع پر کہا کہ میں نے اپنے بھائی سے کہا کہ جب وہ ٹھیک ہوجائے تو سلمان خان سے کام سے متعلق ملے۔