• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین کی ولی عہد لیونور سیاسیات کی ڈگری لینے یونیورسٹی جا پہنچیں

شہزادی لیونور---فائل فوٹو
شہزادی لیونور---فائل فوٹو

اسپین کی شہزادی لیونور نے میڈریڈ کی کارلوس تھری یونیورسٹی میں سیاسیات کی ڈگری کے لیے تعلیم کا آغاز کر دیا۔

20 سالہ شہزادی لیونور کی یونیورسٹی آمد پر حکام، سیکڑوں طلبہ اور شہریوں نے استقبال کیا۔

فیکلٹی ڈین کے مطابق شہزادی نے دیگر طلبہ کی طرح داخلہ امتحان دیا ہے، لیونور  کو شاہی حیثیت کی بنیاد پر کوئی خصوصی رعایت نہیں دی گئی۔

واضح رہے کہ شہزادی لیونور 2005ء میں پیدا ہوئی تھیں اور اس وقت اسپین کی ولی عہد ہیں۔

اسپین کے بادشاہ فیلپے ششم اور ملکہ لیٹیزیا کی بڑی بیٹی شہزادی لیونور ملک کی آئندہ ملکہ بننے کے لیے تیار ہیں۔

 ان کی تخت نشینی کے بعد اسپین کو 150 سال بعد پہلی بار ایک بااختیار ملکہ ملیں گی۔

اس سے قبل آخری خاتون حکمراں ملکہ ازابیلا دوم تھیں، جن کی حکومت 1868ء میں ختم ہوئی تھی۔

ہسپانوی قانون کے مطابق ولی عہد کے لیے فوجی تربیت لازمی ہے، شہزادی لیونور نے ویلز کے یو ڈبلیو سی اٹلانٹک کالج سے انٹرنیشنل بکلوریٹ مکمل کیا جس کے بعد انہوں نے فوجی تربیت کا آغاز کیا، وہ ہسپانوی، کاتالان، انگریزی، فرانسیسی، عربی اور مینڈرن زبانوں پر عبور رکھتی ہیں۔

اگست 2023ء میں اُنہوں نے زرگوزا میں آرمی ٹریننگ شروع کی، 2024ء میں اُنہوں نے بحریہ کی تربیت حاصل کی اور تربیتی جہاز خوان سباستیان دے الکانو پر 140 دن کا 17 ہزار میل کا سمندری سفر کیا جس میں وہ عملے کے رکن کے طور پر شامل رہیں، بعد ازاں انہوں نے جنگی جہاز بلاس دے لیزو پر بھی خدمات انجام دیں۔

دسمبر 2025ء میں شہزادی لیونور نے پائلٹس پی سی-21 طیارے میں اپنی پہلی تنہا پرواز مکمل کی جس کے بعد وہ ہسپانوی شاہی خاندان کی پہلی خاتون بن گئی ہیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید