اسپین کے بادشاہ فیلپے ششم اور ملکہ لیٹیزیا کی بڑی بیٹی شہزادی لیونور ملک کی آئندہ ملکہ بننے کے لیے تیار ہیں۔ ان کی تخت نشینی کے بعد اسپین کو 150 سال بعد پہلی بار ایک بااختیار ملکہ ملے گی۔ اس سے قبل آخری خاتون حکمراں ملکہ ازابیلا دوم تھیں، جن کی حکومت 1868 میں ختم ہوئی۔
شہزادی لیونور 2005ء میں پیدا ہوئیں اور اس وقت اسپین کی ولی عہد ہیں۔
ہسپانوی شاہی خاندان میں بادشاہت کا سلسلہ بوربن خاندان کے پاس ہے جو 18ویں صدی سے اقتدار میں ہے۔
2014ء میں بادشاہ خوان کارلوس اول کے دستبردار ہونے کے بعد فیلپے ششم بادشاہ بنے اور اب ان کے بعد لیونور تخت کی وارث ہیں۔
ہسپانوی قانون کے مطابق ولی عہد کے لیے فوجی تربیت لازمی ہے، شہزادی لیونور نے ویلز کے یو ڈبلیو سی اٹلانٹک کالج سے انٹرنیشنل بکلوریٹ مکمل کیا جس کے بعد اُنہوں نے فوجی تربیت کا آغاز کیا۔ وہ ہسپانوی، کاتالان، انگریزی، فرانسیسی، عربی اور مینڈرن زبانوں پر عبور رکھتی ہیں۔
اگست 2023ء میں اُنہوں نے زرگوزا میں آرمی ٹریننگ شروع کی۔ 2024ء میں اُنہوں نے بحریہ کی تربیت حاصل کی اور تربیتی جہاز خوان سباستیان دے الکانو پر 140 دن کا 17 ہزار میل کا سمندری سفر کیا جس میں وہ عملے کے رکن کے طور پر شامل رہیں۔
بعدازاں انہوں نے جنگی جہاز بلاس دے لیزو پر بھی خدمات انجام دیں۔
دسمبر 2025ء میں شہزادی لیونور نے پائلٹس پی سی-21 طیارے میں اپنی پہلی تنہا پرواز مکمل کی جس کے بعد وہ ہسپانوی شاہی خاندان کی پہلی خاتون بن گئی ہیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا۔
ایئر فورس کی تربیت کے دوران اِنہیں خطے کا اعلیٰ ترین اعزاز، گولڈ میڈل آف ریجن آف مرسیا، دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
یہ ان کے مستقبل کے کردار بطور اسپین کی مسلح افواج کی کمانڈر انچیف کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔