ایران کے اسلامی پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز کے مغربی علاقے کی فضائی حدود میں ایک جدید ایم کیو-1 ڈرون کو روک کر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ڈرون کو آج علی الصبح نشانہ بنایا گیا۔
بیان کے مطابق ڈرون کو پاسدارانِ انقلاب کی فضائیہ کے زیرِ استعمال جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کیا گیا، جو ملک کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کے تحت کام کر رہا ہے۔
دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد ایک آئل ٹینکر میں دھماکا ہوا ہے۔
اپنے بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ دھماکے کے بعد آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی، یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ واقعہ کب پیش آیا۔
ادھر جنوبی ایران میں 2 ایرانی ماہی گیر کشتیوں پر ڈرون حملہ ہوا ہے جس کے بعد کئی ماہی گیر لاپتہ ہیں۔