• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاق خیبرپختونخوا کی روزانہ 600 میگاواٹ بجلی چوری کر رہا ہے، پرویز خٹک

 پشاور (نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وفاق خیبرپختونخوا کی روزانہ 600 میگاواٹ بجلی چوری کر رہا ہے۔ وفاق اس خوش فہمی میں نہ رہے کہ ہم اپنے حق کو غصب ہوتے ہوئے خاموشی سے دیکھتے رہیں گے ہم اپنا حق چھیننے نہیں دیں گے۔ اپنے صوبے کے حق سے دستبردار ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہو تا ہماری حکومت اپنے حق کے حصول کیلئے کسی بھی حد تک جائے گی۔وفاق کو دس دن کا ٹائم دیا ہے بصورت دیگر ان کی حکومت  پیسکوکے خلاف راست اقدام کرے گی۔پرویز خٹک نے کہاکہ ایک زمانے سے ہمارے ساتھ مذاق ہو رہا ہے اب یہ مذاق اور ڈرامہ بازی نہیں چلے گی اپنے حق کیلئے لڑنا اور حاصل کرنا جانتے ہیں ۔ وفاق کا چھوٹے صوبوں کا حق مارنا ملک کیلئے کتنا نقصان دہ ہے یہ حکمرانوں کو سمجھ ہی نہیں آرہا ہے ۔ وفاق کو ماورائے آئین اقدامات کرنے  سے روکیں گے۔   ان خیالات کا اظہار انہوں نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای )کے 30 رکنی وفد سے خطاب میں کیا۔ وزیر اعلیٰ  نے کہاکہ  سوات ایکسپریس وے صوبے میں اقتصادی سرگرمیوں کی مختلف جہتوں کیلئے مرکز و محور ثابت ہو گا۔یہ 40 ارب روپے کا پراجیکٹ ہے جو صوبہ اپنے وسائل سے شروع کر رہا ہے،یہ صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد گار ثابت ہو گا۔صوبائی حکومت اُن سرمایہ کاروں وزیراعلیٰ ہاؤس میں سرکاری مہمان کے طور پر ٹھہرائے گی جو صوبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کریں یا سب سے زیادہ ٹیکس دیں۔ ہمارے صوبے کا بلدیاتی نظام مثالی ہے۔تعلیمی بجٹ100ارب روپے تک بڑھادیا گیا ہے۔7لاکھ نئے بچوں کو داخلہ دیا گیا ہے جبکہ ہمار ا ہدف8لاکھ مزید بچوں کو سکولوں میں داخلہ دینا ہے۔ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی کمی پوری کررہے ہیں توانائی کے شعبے میں ہم 356 مائیکرو پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں جس سے 35 میگا واٹ بجلی فراہم ہو گی۔ شکایات کے ازالے کیلئے رائٹ ٹو سروسزکمیشن، رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن، وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل کا قیام اہم اقدامات ہیں۔مختلف اضلاع میں نیوزپیپرز مارکیٹس کے قیام کا منصوبہ اے ڈی پی 2016-17 کا حصہ بنایا گیا ہے۔اس کیلئے 100 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔
تازہ ترین