اسلام آباد( زبیر قصوری)وزارت ریلوے نے پاکستان ریلوے پولیس کو ٹرینوں میں مسافروں کے ٹکٹ چیک کرنے کے اختیارات دے دیے ہیں، جس کے بعد پولیس اہلکار بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کی نشاندہی اور ان کے خلاف کارروائی کر سکیں گے۔اس حوالے سے آئی جی ریلوے پولیس کی ہدایات پر جاری مراسلے میں ملک بھر کے ریلوے پولیس افسران کو ہر ٹرین میں ٹکٹوں کی چیکنگ یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ چیکنگ پر مامور اہلکاروں کو اپنی لائیو لوکیشن بھی کنٹرول روم کو فراہم کرنا ہوگی۔مراسلے کے مطابق بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کی چیکنگ اور کارروائی کی روزانہ رپورٹ صبح 10 بجے آئی جی ریلوے پولیس کے دفتر کو بھجوائی جائے گی، جبکہ اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔