سوال: ہماری مسجد میں سولر سسٹم لگا ہوا ہے جس سے مسجد کی بجلی کی ضرورت پوری کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، سولر سسٹم کے ساتھ اگر KE کی نیٹ میٹرنگ کر لی جائے تو سولر سے بننے والی کچھ زائد بجلی ہم کے الیکٹرک کو فروخت کریں گے، اور کچھ بجلی بیٹریز میں محفوظ کرکے رات کے وقت استعمال کریں گے، اس طرح امید ہے کہ ہمارے ہاں بجلی کا بل زیرو ہوجائے گا۔
کیا سولر سسٹم کی KE کے ساتھ نیٹ میٹرنگ کروانا جائز ہے؟ ہمارے محلے کے ایک صاحب کا کہنا ہے کہ یہ جائز نہیں ہے۔ اس لیے ہم رُک گئے ہیں، اگر از روئے شرع یہ جائز ہوگا تو ہم نیٹ میٹرنگ کی طرف جائیں گے، بصورتِ دیگر ہم اپنا ارادہ ترک کردیں گے۔
جواب: مسجد کے سولر سسٹم سے حاصل ہونے والی بجلی کو نیٹ میٹرنگ کے ذریعے کے الیکٹرک (k electric)کو فروخت کرنا جائز ہے، کیوں کہ اس میں مسجد کی مصلحت اور فائدہ مقصود ہے، مشاہدہ یہ ہے کہ نیٹ میٹرنگ کے نتیجے میں بعض اوقات بجلی کا بل کم ہوجاتا ہے، اور بعض صورتوں میں بجلی کا بل صفر بھی ہوجاتا ہے، لہٰذا مسجد کے لیے نیٹ میٹرنگ کروانے میں کوئی حرج نہیں ہے، بلکہ کوئی قانونی رکاوٹ نہ ہو تو مسجد کے لیے زیادہ مفید ہونے کی وجہ سے ایسے کرلینا چاہیے، تاکہ بجلی کے بل کی مد میں صرف کیے جانے والے خطیر اخراجات مسجد کی دیگر ضروریات اور مصالح میں صرف کیے جاسکیں۔ (الفتاویٰ الھنديۃ، کتاب الوقف ،الباب الحادي عشر،الفصل الثاني،ج: 2،ص: 463،ط: رشيديہ – فتاویٰ دار العلوم دیوبند، مسجد کے زائد تیل کو بیچ کر امام کی تنخواہ دینا جائز ہے، وقف کا بیان،ج: 13،ص: 499،ط:دارالعلوم دیوبند)
اپنے دینی اور شرعی مسائل کے حل کے لیے ای میل کریں۔
iqra@banuri.edu.pk