• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آج سے باقاعدہ مذاکرات شروع ہوں گے

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آج سے باقاعدہ مذاکرات شروع ہوں گے، وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔

مذاکرات میں وزیر خزانہ کےساتھ اقتصادی ٹیم بھی مذاکرات میں حصہ لے گی، پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف کے مذاکرات 30 جون تک کے اعداد و شمار پر ہوں گے۔

پاکستان کی طرف سے ساورن ویلتھ فنڈ اور گردشی قرض میں کمی پر بریفنگ دی جائے گی، آئی ایم ایف کو چینی کا شعبہ ڈی ریگولیٹ نہ کرنے کی وجوہات سے آگاہ کیا جائے گا۔

آئی ایم ایف کو کرنٹ اکاؤنٹ خسارے، پرائمری سرپلس صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا، غیرملکی زرمبادلہ اور شرح تبادلہ سے بھی آگاہ کیا جائے گا، آئی ایم ایف اور ایف بی آر کے مذاکرات میں ٹیکس نیٹ بڑھانے اور اصلاحات پر بات ہوگی۔

وزارت توانائی کی جانب سے گردشی قرض اور اصلاحات پر بریفنگ دی جائے گی، جبکہ نیب اور ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ اوردہشت گردوں کی فنڈنگ روکنے کے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔

آئی ایم ایف پنجاب اور کے پی حکومتوں سے بھی مذاکرات کرے گا، صوبوں سے ٹیکس اور نان ٹیکس ریونیو وصولی بہتر بنانے کے اقدامات پر بات ہوگی، صوبوں سے زرعی ٹیکس کی وصولی پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

مشن نے کراچی میں اسٹیٹ بینک حکام اورسندھ حکومت کے ساتھ مذاکرات کیے۔

ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے بتایا کہ ہدف کے مطابق وفاق کو سرپلس بجٹ فراہم کیا ہے۔

آئی ایم ایف مشن کو اسٹیٹ بینک حکام کی جانب سے بھی بریفنگ دی گئی، جس پر آئی ایم ایف نے اطمینان کا اظہار کیا۔

تجارتی خبریں سے مزید