چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کو جوڈیشل کمیشن کےلیے نامزد کردیا گیا ہے۔
ذرائع پیپلز پارٹی کے مطابق فاروق ایچ نائیک نے جوڈیشل کمیشن کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی جوڈیشل کمیشن کی نامزدگی کا نوٹیفکیشن جلد جاری ہوجائے گا۔
اس سے قبل فاروق ایچ نائیک نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جوڈیشل کمیشن سے استعفیٰ ذاتی وجوہات پر دے رہا ہوں، اپنا استعفیٰ چیئرمین کمیشن کو بھجوا دیا۔
جوڈیشل کمیشن آف پاکستان اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی تعیناتی کا فورم ہے، فاروق ایچ نائیک کمیشن میں پی پی پی کی جانب سے ممبر مقرر تھے۔
بعدازاں مسلم لیگ ن کے رکن آفتاب شیخ نے بھی جوڈیشل کمیشن سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کے ارکان کی نامزدگی سینیٹ اور قومی اسمبلی سے جلد کر دی جائے گی۔ ن لیگ کا سینیٹ سے جبکہ پیپلز پارٹی کا قومی اسمبلی سے رکن بطور جوڈیشل کمیشن رکن نامزدگی کیا جائے گا۔