اپوزیشن رہنماؤں نے حکومت سے مذاکرات سے متعلق کوئی اجلاس بلانے کی تردید کردی۔
جیو نیوز سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ حکومت یا مولانا فضل الرحمان کی جانب سے مذاکرات پر کوئی رابطہ نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت سے مذاکرات ہوئے تھے جبکہ مولانا فضل الرحمان سے اے پی سی سے متعلق ملاقات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ایک روز قبل مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر آخری ملاقات میں اے پی سی پر بات ہوئی تھی۔
اپوزیشن اتحاد کے ترجمان اخوانزادہ حسین یوسفزئی کا کہنا تھا کہ آخری ملاقاتوں کے بعد حکومت یا مولانا فضل الرحمان کا مذاکرات سے متعلق پی ٹی آئی سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات سے متعلق کوئی اجلاس نہیں بلایا۔ بیرسٹر گوہر چارسدہ میں ہیں، پارٹی کی مرکزی قیادت لانگ مارچ میں شریک ہے۔
اخوانزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ سے بات ہوئی، مذاکرات سے متعلق مولانا یا حکومت کی طرف سے کوئی پیغام نہ بھیجا گیا نہ ملا۔
ترجمان اپوزیشن اتحاد کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا مکمل اختیار محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کے پاس ہے۔
پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے مذاکرت سے متعلق کوئی زوم اجلاس نہیں بلایا نہ مجھے علم ہے۔