• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سہیل آفریدی نے مذاکرات کا طے شدہ ڈرافٹ آگے مراد سعید کو بھیجا، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی۔فوٹو: فائل
وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی۔فوٹو: فائل

وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے کچھ لوگوں کا براہ راست طالبان سے تعلق ہے، خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ آسان نہیں تھا۔

سینیٹ اجلاس سے خطاب میں سینیٹر محسن نقوی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کچھ لوگوں کا براہ راست طالبان سے تعلق ہے، پی ٹی آئی کے مذاکراتی کمیٹی کو بتا دیا تھا آپ کے لوگ طالبان سے ملے ہوئے ہیں، اس کے ثبوت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مراد سعید فیصلے کر رہا تھا، وزیراعلیٰ نہیں، ان کی کابینہ کے لوگوں نے کہا کہ مراد سعید نے ہمیں مروا دیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 25 نومبر 2024ء کے دھرنے میں پی ٹی آئی کو ہم نے جگہ دینے کی پیشکش کی، پی ٹی آئی والوں نے کہا بانی چیئرمین سے فون پر بات کرکے دھرنے کو مؤخر کریں گے، فون پر بات کرائی تو آدھی پارٹی نے ماننے سے انکار کردیا۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بیرسٹر گوہر کو بانی پی ٹی آئی کا ویڈیو بیان ریکارڈ کرانے کی پیشکش کی، تو بانی نے بیان ریکارڈ نہیں کرایا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر سینیٹر راجہ ناصر عباس بتائیں کیا چیز آئین کے خلاف ہوئی ہے، گورنر راج اور ایمرجنسی آئین کے تحت ہی لگائی گئی ہے۔

محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ بیرسٹر گوہر کو فون کر کے کہا بتائیں پیرا نمبر 4 میں کیا تبدیلی کرنی ہے، ڈرافٹ میں 3 بار تبدیلیاں ہوئیں، چوتھی بار 6 تبدیلیوں کی بات کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ 6 کی 6 تجویزیں مان لیں، بات پھر بھی آگے نہیں بڑھ سکی، جب سب طے ہوگیا تو انہوں نے ڈرافٹ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو بھیجا۔

وزیر داخلہ نے انکشاف کیا کہ وزیراعلیٰ  خیبر پختونخوا نے طے شدہ ڈرافٹ آگے مراد سعید کو بھیجا، بتایا جائے جب فیصلہ سہیل آفریدی نے کرنا تھا تو وہ مذاکرات میں شریک کیوں نہیں ہوئے؟

اُن کا کہنا تھا کہ پھر انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے ویڈیو بیان کی شرط رکھی، بیرسٹر گوہر سے کہا جا کر ویڈیو بیان ریکارڈ کرالیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ اس پر بھی بانی نے شرط رکھی کہ ریکارڈنگ بیرسٹر گوہر کے فون سے ہوگی، ہم نے شرط مان لی تو بانی نے کہا کہ ریکارڈنگ سلاخوں کے پیچھے سے ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سلاخوں کے پیچھے سے ریکارڈنگ کی بات مان لی تو بانی نے کہا آج نہیں کل ریکارڈنگ کراؤں گا، راجہ ناصر صاحب ہمیں ذمے دار نہ ٹھہرائیں اپنے لوگوں کو دیکھیں جنہوں نے آپ کی پارٹی کو یہاں تک پہنچایا ہے۔

قومی خبریں سے مزید