• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
فائل فوٹو
فائل فوٹو

احسن خان

پیارے بچو! اس ہفتے آپ ابابیل کے بارے میں پڑھیں۔ یہ پرندہ 10ماہ تک بغیر زمین پر اترے، ہوا میں پرواز کر سکتا ہے۔

اس کے اڑنے کی طاقت بے مثال ہے۔ یہ ایک مرتبہ ہوا میں اڑنا شروع کر دے تو بغیر رکے 14 ہزار کلومیٹر کا سفر طے کر سکتا ہے۔ اس کے پر سیاہ اور سینہ سفید ہوتا ہے۔ پرانے گنبدوں، کھنڈروں، اونچے ٹیلوں اور پہاڑیوں کی چٹانوں اور تاریک مقامات پر مٹی کا گھونسلا بنا کر رہتا ہے۔ ابابیل دورانِ پرواز کھا سکتا اور سو بھی جاتا ہے۔

وہ اپنی توانائی بچانے کےلئے گلائیڈنگ کرتا ہے، یعنی کچھ دیر پر ہلانے کے بعد اُنہیں کھلا چھوڑ دیتا ہے، یوں ہوا میں اڑتا چلا جاتا ہے۔ قدرت نے اس پرندے کے پروں کا ڈیزائن کچھ اس ترتیب سے بنایا ہے کہ ہلکی سی ہوا بھی اسے آگے دھکیل دیتی ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ یہ پرندہ 20 برس تک زندہ رہتا ہے۔

اس کے پنجے نہایت کمزور ہوتے ہیں جس کی وجہ سے یہ دوسرے پرندوں کی طرح زمین پر بھاگ دوڑ نہیں سکتا۔ البتہ درختوں کی پتلی شاخوں اور بجلی کے باریک تاروں پر بیٹھنے میں یہ پنجے اسے بے حد مدد دیتے ہیں۔ اس کے پروں میں چمک پیدا کرنے والے کیمیائی ذرات ہوتے ہیں جو مختلف رنگوں میں منعکس ہوکر اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں۔

ہر سال اس کے پر جھڑتے جاتے ہیں اور نئے پر نکل آتے ہیں۔ اس کی اڑان ہمیشہ جھنڈ کی شکل میں ہوتی ہے۔ سورۃ الفیل میں ابابیل کا ذکر ہے، جس نے ابرہہ کی فوج پر کنکریاں برسائیں تھیں اور اس کے لشکر کو نیست و نابود کر دیا تھا۔