عاطف عدنان
شہر کی بلند عمارتوں کے درمیان ایک پرانا برگد کا درخت تھا جو کئی پرندوں کے گھونسلے تھے۔ اس کی شاخوں پر چڑیا، کبوتر، مینا، فاختہ اور ایک بوڑھا کوا رہتے تھے۔ پہلے ہر صبح ان کی میٹھی چہچہاہٹ سے ماحول گونج اٹھتا تھا، مگر اب ان کی آوازوں میں خوشی کم اور فکر زیادہ تھی۔ ہر نیا دن ان کے لئے ایک نئی آزمائش بن رہا تھا۔
ایک صبح چڑیا نے تھکی ہوئی آواز میں کہا، ’’میں کل صبح سے پانی ڈھونڈ رہی ہوں مگر کہیں ایک قطرہ بھی نہیں ملا۔ میرے بچے پیاس سے بے حال ہو رہے ہیں۔‘‘
کبوتر نے افسوس کرتےہوئے کہا، ’’پہلے لوگ اپنے گھروں کی چھتوں پر پانی رکھتے تھے، دانہ ڈالتے تھے، مگر اب سب اپنی دنیا میں مصروف ہیں کسی کو ہماری فکر نہیں۔ ‘‘
مینا نے پر جھٹکتے ہوئے کہا، ’’صرف پانی نہیں، اب درخت بھی کم ہو گئے ہیں۔ جہاں کبھی باغ ہوا کرتے تھے، وہاں اب عمارتیں، بازار اور سڑکیں ہیں۔ ‘‘
بوڑھا کوا جو سب سے زیادہ سمجھدار تھا، آہستہ سے بولا، ’’میرے بچو! ہم پرندے صرف گرمی سے نہیں، انسانوں کی بے احتیاطی سے بھی پریشان ہیں۔
فاختہ نے پوچھا، ’’وہ کیسے؟‘‘
کوّا بولا، ’’جب درخت کاٹے جاتے ہیں تو ہمارے گھر ختم ہو جاتے ہیں۔ جب کھیتوں میں زہریلی دوائیں چھڑکی جاتی ہیں تو کیڑے مکوڑے مر جاتے ہیں اور ہماری خوراک کم ہو جاتی ہے۔ جب ہر طرف شور ہوتا ہے تو ہم ایک دوسرے کی آواز نہیں سن پاتے۔ جب تالاب، ندی اور کنویں سوکھتے ہیں تو ہمیں پانی نہیں ملتا۔ ‘‘
چڑیا نے دکھ سے کہا، ’’اور کچھ بچے ہمارے گھونسلے توڑ دیتے ہیں، پتھر مارتے ہیں اور ہمیں کھیل سمجھتے ہیں۔ ‘‘
کبوتر نے کہا، ’’بجلی کے تار، گاڑیوں کا دھواں، پلاسٹک کا کچرا، سب ہمارے لئے خطرہ ہیں۔ کئی پرندے تاروں سے ٹکرا کر زخمی اور بیمار ہوجاتے ہیں۔ ‘‘
اسی وقت فاختہ بولی، ’’میں کل گاؤں سے آئی ہوں۔ وہاں ابھی بھی کھیت ہیں، درخت ہیں، کھلی ہوا ہے، مگر وہاں بھی اب پانی کم ہو رہا ہے۔ شہر میں گرمی ، شور، دھواں زیادہ ہے اور سایہ کم ۔ گاؤں میں سکون ہے، مگر لوگ وہاں بھی درخت کاٹ رہے ہیں تو فرق ختم ہو جائے گا۔ ‘‘
سب پرندے خاموش ہو گئے۔ دھوپ تیز ہوتی جا رہی تھی۔ چڑیا دوبارہ پانی کی تلاش میں نکلی، اچانک اسے ایک چھت پر مٹی کا برتن دکھائی دیا جس میں صاف پانی بھرا تھا۔ وہ خوش ہوگئی اس نے سیر ہوکر پانی پیا، پھر اپنے بچوں کو بھی بلالائی۔
وہ گھر ایک نیک دل لڑکے زید کا تھا۔ زید ہر روز صبح اپنی چھت پر پانی اور دانہ رکھتا تھا۔ اس نے پرندوں کو دیکھا تو خوشی سے بولا، ’’امی! دیکھیں، پرندے ہمارے رکھے ہوئے پانی سے پیاس بجھا رہے ہیں ۔‘‘
امی نے محبت سے کہا، ’’بیٹا، یہی اصل انسانیت ہے کہ بے زبان کی مدد ضرور کی جائے۔ ‘‘
زید نے یہ بات دل میں بٹھا لی۔ اگلے دن اس نے اپنے دوستوں کو بلایا اور ان سے کہا، کہ ہم سب مل کر پرندوں کی مدد کریں تو کتنے پرندوں کی جانیں بچ سکتی ہیں۔ ‘‘سب دوست تیار ہو گئے۔ کسی نے مٹی کے پیالے رکھے، کسی نے چاول ڈالے، کسی نے باجرہ رکھا، کسی نے گملوں میں پودے لگائےاور کسی نے درختوں کو پانی دیا، جہاں پہلے خاموشی تھی، وہاں اب چہچہاہٹ ہونے لگی۔چڑیا خوشی سے بولی، ’’میرے بچے اب بھوکے اور پیاسے نہیں سوتے۔ ‘‘
کبوتر نے کہا، ’’مجھے بھی پھر سے دانہ ملنے لگا ہے۔ ‘‘
مینا نے مسکرا کر کہا، ’’یہ بچے ہم سے زیادہ سمجھدار نکلے۔ ‘‘
فاختہ بولی، ’’اگر شہر کے لوگ چاہیں تو شہر بھی باغ بن سکتا ہے۔ ‘‘
بوڑھا کوّا آسمان کی طرف دیکھ کر بولا، ’’انسان اگر چاہے تو زمین جنت بن سکتی ہے اور اگر غفلت کرے تو ویران ہوجائے۔ ‘‘
شام کے وقت جب سورج ڈوب رہا تھا اور ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی، سب پرندے برگد کے درخت پر جمع ہوئے۔ انہوں نے ایک ساتھ پر پھیلائے اور پرسکون ہوکر اپنے اپنے آشیانے میں سو گئے۔
پرندے گرمی، پانی کی کمی، درختوں کی کٹائی، شور، آلودگی، زہریلی دواؤں اور انسانوں کی لاپروائی سے پریشان ہیں۔ پیارے بچو! اگر آپ اپنے گھر کی چھتوں پر بالکونیوں میںان کے لیے پانی رکھ دیں، تھوڑا سا دانہ ڈال دیں تو ہزاروں پرندوں کی جانیں بچ سکتی ہیں۔ دنیا صرف انسانوں کی نہیں، ان جانداروں کی بھی ہے۔