• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محمد حسن

پیارے بچو! آج کی دنیا میں کوئی چیز اتنی تیزی سے ہماری زندگی کا حصہ نہیں بن رہی جتنی کہ مصنوعی ذہانت(اے آئی)۔ یہ آپ کی تعلیم میں مدد گار ثابت ہورہی ہے۔ تخلیقی صلاحیتوں کو بھی اس نے ایک نئی سمت دی ہے۔ اے آئی ٹولز کی مدد سے آپ کہانیاں، نظمیں اور تصاویر بنا کر اپنے خیالات کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔

اسکول کے کسی پراجیکٹ کے لیے معلومات چاہیےتو یہ سیکنڈوں میں آپ کی مدد کرتا ہے۔ مشکل سوالوں کا آسان حل، ریاضی کا کوئی مشکل سوال ہو یا سائنس کا یہ اسے آسان بنا کر سکھاتا ہے۔ اگر آپ کو کوئی چیز دیر سے سمجھ آتی ہے تو یہ غصہ کیے بغیر بار بار سکھاتا ہے۔

یہ ایک ایسا استاد ہے جو رات ہو یا دن، کبھی نہیں تھکتا اور آپ کے ہر سوال کا جواب دینے کے لیے تیار رہتا ہے لیکن اس کا دوسرا رخ بھی ہے جو نظرانداز نہیں کرنا چاہئے، اگر آپ ہر چھوٹے بڑے سوال کے لئے مصنوعی ذہانت پر انحصار کرنے لگیں گے تو تجسس اور تخلیقی سوچ پر اس کا منفی اثر پڑ سکتا ہے کیونکہ آپ صرف اے آئی کی بنائی ہوئی چیزوں کی نقل کرنا سیکھیں گے۔ اسے انسانی مدد کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے، اس کی جگہ لینے کے لئے نہیں۔

اس جادوئی دوست سے دوستی میں احتیاط کریں اپنا دماغ استعمال کرنا نہ بھولیں اگر آپ اسکول کا سارا ہوم ورک خود کرنے کے بجائے اے آئی سے کروائیں گے، تو آپ کا اپنا پیارا سا دماغ سست ہو جائے گا۔ کمپیوٹر یا موبائل پر زیادہ وقت گزارنے سے آپ باہر پارک میں کھیلنے اور اپنے سچے دوستوں سے دور ہو سکتے ہیں۔

آپ کے لیے ایک پیاری سی نصیحت ہے کہ اے آئی آپ کا ایک بہت اچھا مددگار ہے، لیکن اسے اپنے اوپر مسلط نہ ہونے دیں، اس سے نئی نئی چیزیں ضرور سیکھیں، اسے صرف ایک مددگار کے طور پر استعمال کریں، اور اپنے دماغ کو ہمیشہ تیز رکھیں اور ساتھ ہی شام کو باہر جا کر فٹ بال کھیلنا، سائیکل چلانا اور اپنی ممی پاپا کے ساتھ باتیں کرنا کبھی نہ بھولیں۔