اطہر اقبال
’’امی جان میں اسکول جارہا ہوں۔‘‘ یاسر نے اپنا بستہ اٹھاتے ہوئے اپنی امی کو سلام کیا۔ یاسر کی امی نے بڑے پیار سے اس کے سر پر ہاتھ رکھا اور اسے دعائیں دیتے ہوئے رخصت کیا۔
یاسر ساتویں جماعت میں پڑھ رہا تھا اور اپنے اسکول کا ذہین ترین طلبہ میں اس کا شمار ہوتا تھا،اس کے ساتھ اس کی کلاس میں اس کے ماموں کا بیٹا شوکت بھی پڑھتا تھا، مگر دونوں کے مزاج میں زمین آسمان کا فرق تھا، یاسر طبیعت کا سادہ اور انتہائی ملن سار تھا، جب کہ شوکت بہت زیادہ شرارتی تھا، کبھی تو شوکت اس حد تک شرارتیں کرتا کہ یاسر اس سے ناراض ہوجاتا اور کئی کئی دن تک دونوں میں بات چیت بھی بند رہتی تھی، شوکت کی شرارتیں اب روز بروز بڑھتی جارہی تھیں، اکثر یہ ہوتا تھا کہ وہ یاسر کی ان کتابوں کو بھی چھپا دیا کرتا تھا جن کی مدد سے اُسے ہوم ورک کرنا ہوتا تھا یا کبھی اس کا قلم نکال لیا کرتا تھا تاکہ وہ کچھ لکھ نہ سکے۔
یاسر نے ان باتوں کے بارے میں اپنے اساتذہ اور والدین کو بھی بتایا تھا، مگر جب وہ شوکت سے پوچھتے تو وہ انکار کردیتا۔ اس کی جانب سے اس طرح صاف جھوٹ بولنے پر یاسر کو شدید حیرت ہوئی تھی۔
وقت گزرتا گیا، ایک بار شوکت بہت زیادہ بیمار ہوگیا، اس کی بیماری کا سن کر یاسر اپنی امی جان کے ساتھ اس کی طبیعت معلوم کرنے اپنے ماموں جان کے گھر گیا اور بڑی محبت اور اپنائیت کے ساتھ اس کی طبیعت معلوم کی، یاسر کی اس محبت کو دیکھ کر شوکت کی آنکھیں بھر آئیں اور اس نے یاسر کا ہاتھ پکڑ کر اس سے معافی مانگی۔
’’بیٹا! یاسر تم شوکت کو معاف کردو۔‘‘ یاسر کی امی نے شوکت کے سر پر ہاتھ رکھتے ہوئے اس کی جانب دیکھتے ہوئے کہا۔
’’ہاں بیٹا یاسر، تم شوکت کو دل سے معاف کردو، کیوں کے اس نے اپنی غلطی مان لی ہے، شوکت کے والدین نے یاسر کی جانب شفقت سے دیکھتے ہوئے کہا۔
’’ماموں جان، میں نے شوکت کو معاف کیا۔‘‘ یاسر نے شوکت کے ہاتھ کو اپنے ہاتھ میں لیتے ہوئے کہا۔
’’مجھے پہلے ہی سے علم تھا کہ شوکت جھوٹ بولتا رہا ہے اور یہ یقیناً تم کو مستقل تنگ اور پریشان کرتا رہا ہے، شوکت کے والد نے یاسر کی والدہ اور اپنی بہن کی طرف شرمندگی سے دیکھتے ہوئے کہا۔
’’کوئی بات نہیں بھائی جان، شوکت کو احساس ہوگیا ہے یہ اچھی بات ہے۔‘‘ یاسر کی امی نے اپنے بھائی اور یاسر کے ماموں کی جانب مسکراکر دیکھتے ہوئے کہا۔
’’شوکت ہمیشہ یاد رکھو کہ شرارت وہی اچھی ہوتی ہےجس سے کسی دوسرے کو نقصان نہ پہنچے، کسی کو تنگ یا پریشان کرنا شرارت نہیں کہلاتی بلکہ اس طرح کرنے سے اللہ تعالیٰ بھی ناراض ہوتا ہے۔‘‘ شوکت کے والد نے شوکت کو سمجھاتے ہوئے کہا۔
’’بھائی جان کوئی اپنا لاکھ دکھ دے پھر بھی اسے ایک نہ ایک دن رحم آ ہی جاتا ہے۔‘‘ یاسر کی امی نے شوکت کے سر پر شفقت سے ہاتھ پھیرتے ہوئے کہا۔
’’صحیح کہا تم نے۔‘‘ اپنا مارے گا تو پھر چھاؤں میں بٹھائے گا۔‘‘ شوکت کے ابو نے اس بار مسکراتے ہوئے کہا، جب کہ شوکت نے ہمت کرتے ہوئے بستر سے اٹھ کر یاسر کو گلے لگالیا، دونوں کو اس طرح گلے ملتے دیکھ کر شوکت کے والد اور یاسر کی والدہ بھی مسکرانے لگے۔
(’’ایک کہاوت ایک کہانی‘‘ سے انتخاب)