• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا آپ جانتے ہیں، کینگرو پیچھے کی طرف کیوں نہیں چل سکتا؟

کینگرو دنیا کے منفرد جانوروں میں شمار ہوتا ہے، لیکن اس کی ایک حیرت انگیز خصوصیت یہ ہے کہ وہ پیچھے کی طرف نہیں چل سکتا۔ اس کی وجہ اس کی مضبوط دم، طاقتور پچھلی ٹانگیں اور جسمانی ساخت ہے، جو اسے صرف آگے کی طرف اچھلنے کے لیے موزوں بناتی ہے۔ اسی لیے کینگرو آسانی سے پیچھے کی طرف حرکت نہیں کر سکتا۔

دلچسپ بات یہ ہے یہ ایک ہی چھلانگ میں تقریباً 9 میٹر تک کا فاصلہ طے کر سکتا ہے اور تقریباً 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ بھی سکتا ہے۔ یہی منفرد خصوصیات اسے دنیا کے سب سے حیرت انگیز جانوروں میں شامل کرتی ہیں۔ کینگرو آسٹریلیا کا قومی جانور ہے اور یہ وہاں کے مختلف حصوں میں پایا جاتا ہے۔

یہ دنیا کا سب سے بڑا مارسوپیئل یعنی تھیلی دار جانور ہے، جس کی مادہ کے پیٹ پر بچوں کو رکھنے کے لیے تھیلی ہوتی ہے۔ کینگرو کا بچہ (جسے جوئی کہا جاتا ہے) پیدائش کے وقت صرف ایک یا ڈیڑھ انچ کا کیڑے نما ہوتا ہے۔ کینگرو سبزی خور ہوتے ہیں۔ یہ زیادہ تر گھاس، پودے، پتے اور جھاڑیاں کھاتے ہیں۔ وہ اکیلے رہنے کے بجائے گروہوں میں رہتے ہیں۔