• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہدہ مبین

ہمارے ملک میں غربت کی وجہ سے بے شمار لوگ ایسے ہیں، جن کے بچے اسکول جانے کے بجائے محنت مزدوری کرکے اپنا اور اپنے گھر والوں کا پیٹ پالنے پر مجبور ہیں، ان بچوں کا بچپن اسی محنت و مشقت میں گزر جاتا ہے۔

یہ مزدور بچے اور کم عمر نوجوان بڑے شہروں میں کام کرتے ہیں، بعض اُسی شہر میں رہتے ہیں جہاں وہ سارا دن محنت مزدوری کرتےاور رات کو گھرلوٹ جاتے ہیں، لیکن کئی بچے ایسے بھی ہیں جو مستقل طور پر گلیوں، فٹ پاتھوں، سڑکوں کے پلوں کے نیچے ریلوے اسٹیشن یا بسوں کے اڈوں کے آس پاس رہتے ہیں جو تعلیم و صحت اور بنیادی ضرویات تک سے محروم ہیں۔

ان کی زندگی غیر محفوظ ہوتی ہے۔ ان میں سے کئی بچے جرائم پیشہ لوگوں کے ہاتھ بھی لگ جاتے ہیں جو انہیں بھکاری یا چور بنادیتے ہیں۔ پاکستان میں چند خیراتی ادارے ایسے ہیں جو ان بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کررہے ہیں۔

ان میں سے ایک خیراتی ادارے نے کچھ عرصے پہلےمزدور بچوں کی ایک فٹ بال ٹیم تیار کی اور اسے برازیل میں ہونے والے مزدور بچوں کے عالمی کپ 2014ء میں شرکت کے لیے بھیجا۔ وہاں اس فٹ بال ٹیم نے سب سے پہلے دفاعی چیمپئن انڈیا کو صفر کے مقابلے میں 13 گول سے شکست دی اور پھر اس عالمی کپ میں پہلی دفعہ شرکت کے باوجود تیسری پوزیشن حاصل کی اور کانسی کا تمغہ جیتا۔برازیل سے واپسی پر پاکستان میں اس فاتح ٹیم کو صدر پاکستان، گورنر سندھ اور دیگر سرکاری افسران نے خوش آمدید کہا اور ان بچوں کو گیارہ بڑے شہروں کی سیر بھی کرائی گئی۔

یہ سفر ان ہزاروں بچوں کے لیے امید کا پیغام ہے جو چائلڈ لیبر جیسے مسائل میں پھنسے ہوئے ہیں۔ خیراتی اداروں کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ بے سہارا بچوں کو جلد از جلد مثبت کاموں میں مشغول کردیا جائے۔ فٹ بال کے کھیل کے علاوہ فنی تربیت کے ذریعے انہیں باعزت روزگار کمانے کے قابل بھی بنایا جائے۔

اگر ہمارے ملک کے دولت مند لوگ ایسے بچوں کی تعلیم اور پرورش کی ذمہ داری لے لیں تو ہمارے ملک میں بے سہارا بچوں کا مستقبل محفوظ ہوسکتا ہے اور یہ بچے اپنے ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ یہ ننھے ستارے جگمگائیں گے تو تاریکی دور ہوگی۔