’’ارے بھائی نصیر، گاؤں چھوڑ کر کیوں جانا چاہتے ہو؟‘‘
کریم نے اپنے دوست نصیر سے پوچھا، دونوں اس وقت چائے کے ایک چھوٹے سے ہوٹل میں بیٹھے چائے پی رہے تھے۔
نصیر اور کریم گاؤں ہی میں کھیتی باڑی کا کام کرتے تھے، مگر کچھ دنوں سے نصیر کے دماغ میں بس ایک ہی بات چل رہی تھی کہ وہ شہر چلا جائے گا، تاکہ وہاں کچھ اور کام کرکے زیادہ پیسے کما سکے، اس بات کا اظہار نصیر گاؤں میں اکثر اپنے دوستوں سے کرتا رہتا تھا، کریم اس کا سب سے قریبی دوست تھا، آج بھی شام کے وقت دونوں ایک ہوٹل میں بیٹھے چائے پی رہے تھے، نصیر نے کریم سے ایک بار پھر اپنی اس خواہش کا اظہار کردیا کہ وہ شہر جائے گا، کیوں کہ اس کا اب کھیتی باڑی میں دل نہیں لگتا۔
’’نصیر میری مانو تو گاؤں چھوڑ کر مت جاؤ، یہیں گاؤں میں ہی کام کرتے رہو‘‘۔کریم نے چائے کی چسکی (گھونٹ) لیتے ہوئے نصیر کو سمجھاتے ہوئے کہا۔
’’نہیں، میں نے فیصلہ کرلیا ہے اور ویسے بھی اس میں کون سی بری بات ہے۔ آگے بڑھنا اور ترقی کرنا ہر انسان کا حق ہے۔‘‘ نصیر نے گویا اپنے فیصلے پر قائم رہتے ہوئے کہا۔
’’تم صحیح کہہ رہے ہو، اس میں تو واقعی کوئی حرج نہیں ہے، میں تو اس لیے گاؤں میں کام کرنے کا کہہ رہاہوں کہ تم نے ایک عرصہ تک یہیں ہم سب کے ساتھ کام کیا ہے، اب شہر میں معلوم نہیں کیسا ماحول ہو تم رہ پاؤ یا نہیں۔‘‘ کریم نے نصیر کو سمجھاتے ہوئے کہا۔
’’مجھے صرف امید ہی نہیں بلکہ یقین ہے کہ میں شہر میں محنت کرکے زیادہ اچھے طریقے سے کام کرپاؤں گا، مجھے کوشش تو کرنی ہی چاہیے نا، جو شخص خود کوشش کرتا ہے اور بہتری کی امید کے ساتھ ساتھ اس بات پر بھی یقین رکھتا ہوکہ محنت کبھی رائگاں (رائیگاں) نہیں جاتی تو اسے کوشش کرنی ہی چاہیے، نواز نے والی ذات تو اللہ تعالیٰ کی ہے۔ انسان سے جو کچھ ہوسکے اسے اپنے بہتر مستقبل کے لیے کرنا چاہیے۔‘‘ نصیر نے ایک عزم کے ساتھ کہا۔
چلو ٹھیک ہے نصیر، اب تم نے جب پکا ارادہ کر ہی لیا ہے تو تم شہر ضرور جاؤ۔
جب ہی تو ہمارے بزرگ یہ کہاوت کہتے تھے کہ ’’پچھم جاؤ کہ دکھن وہی کرم کے لکھن۔‘‘ یعنی روزی کی تلاش میں، جو چاہے کرو اور جہاں جانا ہے جاؤ، قسمت میں جو لکھا ہے وہی ملے گا، انسان کا نصیب ہر جگہ اس کے ساتھ ہے جو قسمت میں ہے وہ مل کر رہے گا۔
کریم نے نصیر کو گلے لگاتے ہوئے کہا اور پھر دونوں دوست اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔
(ایک کہاوت ایک کہانی سے انتخاب)