شکیل الرحمٰن
ارشد کو آج کافی دیر ہوگئی تھی، اسکول کے میدان میں فٹ بال کا میچ نہ ہوتا تو اتنی دیر کبھی نہ ہوتی وہ لمبے لمبے قدم بڑھاتا چلا جا رہا تھا، اس کا اسکول اس کے گاؤں سے دور تھا اور اُسے ندی پار کرکے اسکول پہنچنا ہوتا تھا اور اسے ہر روز کشتی کا یہ مختصر سفر اچھا لگتا تھا۔ جب وہ گھاٹ کے قریب پہنچا تو کافی اندھیرا پھیل چکا تھا، ملّاحوں نے کشتیوں کو رسّی سے باندھ دیا تھا اور اپنی اپنی جھوپڑیوں میں آرام کر رہے تھے۔ ملّاحوں میں رامو ملّاح ارشد کو بہت پیار کرتا تھا۔
یہ سوچ کر ارشداس کی جھوپڑی میں آیا، اس نے دیکھا رامو سویا ہوا ہے۔ ارشد نے آگے بڑھ کر رامو کو آواز دی ’’رامو چاچا، رامو چاچا۔‘‘ بڑی مشکل سے رامو اُٹھا اور اس نے پوچھا ’’کون ہو؟‘‘ ’’مَیں ہوں ارشد، اسکول میں دیر ہوگئی ہے، اس پار جانا ہے، مجھے جلد پہنچادو، امّاں انتظار کر رہی ہوں گی۔‘‘ ’’تم ہو ارشو! اچھا آؤ آؤ۔‘‘ رامو اُٹھ گیا۔ باہر نکل کر اس نے دیکھا بالکل اندھیرا تھا ’’ اندھیرا کافی ہوگیا ہے، جاؤ گے کیسے؟‘‘ رامو نے پوچھا۔
’’مَیں چلا جاؤں گا۔‘‘ ارشد نے رامو کا ہاتھ پکڑا اور اسے کھینچتے ہوئے کشتی کے پاس لایا۔ رامو نے کشتی دریا میں اتار دی، ارشد بیٹھ گیا ۔ رامو کشتی چلاتے ہوئے بولا ’’یہ تو بتاؤ کہ اس پار جانے کے بعد تمہیں جنگل بھی پار کرنا ہے، اُسے کس طرح پار کرو گے جبکہ تمہارے پاس کوئی روشنی نہیں ہے، مجھے تو اس جنگل میں بہت ڈر لگتا ہے۔‘‘
’’مَیں جنگل سے گزر جاؤں گا، مجھے ڈر نہیں لگتا۔‘‘ ارشد نے پانی سے کھیلتے ہوئے جواب دیا۔ ’’جی ہاں، جب بھوت سامنے آئے گا تو ساری شیخی نکل جائے گی، سمجھے!‘‘ رامو بولا۔ ’’بھوتوں پر مجھے اعتبار نہیں ہے۔‘‘ ارشد بولا۔ ’’ تھوڑی دیر میں کشتی پار لگ چکی تھی، ارشد جلدی سے اُتر گیا۔وہ جنگل سے گزر رہا تھا۔
یہاں زیادہ اندھیرا تھا، اُسے کچھ نظر نہیں آرہا تھا، وہ بہت سنبھل سنبھل کر آگے بڑھ رہا تھا، ابھی کچھ ہی دور گیا تھا کہ اُسے روشنی نظر آئی، روشنی آہستہ آہستہ تیز ہوتی گئی ارشد گھبرا گیاکہ وہ آخر کس چیز کی روشنی ہے۔ اس نے دیکھا وہ بالکل انوکھی روشنی تھی، دودھ کی طرح سفیداُسے محسوس ہوا جیسے زمین پر چاند اتر آیا ہے۔ اُسے بار بار رامو کی بات یاد آ رہی تھی کہ اس جنگل میں بھوت رہتے ہیں۔
ارشد نے ہمت نہیں ہاری اور بڑھتا چلا گیا۔ جتنا آگے گیا اسے روشنی اور نزدیک اور تیز معلوم ہوتی گئی، ارشد ڈرتاہوا آگے بڑھ رہا تھا، تھوڑی دور اور آگے بڑھا کہ اُسے ایک نہایت ہی ضعیف عورت نظر آئی جو زمین پر بیٹھی چکّی پیس رہی تھی، اس کی چکّی چاندی کی تھی اور اس سے چاندی کا سفوف نکل رہا تھا، ارشد کا خوف کچھ اور بڑھ گیا، اس کی حیرت کی انتہا نہ رہی، جب اس نے دیکھا کہ اس عورت کے بڑے بڑے سفید بالوں اور دونوں چمکتی ہوئی آنکھوں سے روشنی نکل کر تمام جنگل میں پھیل رہی تھی، سر کا ایک ایک بال چمک رہا تھا، آنکھوں کی روشنی انتہائی تیز تھی۔ ارشد کو ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے وہ چاند کے قریب آگیا ہے۔
وہ سوچ رہا تھا کہ اس نے ایسی عورت ضرور کہیں دیکھی تھی۔ بوڑھی عورت خاموش بیٹھی چکّی چلا رہی تھی۔ ارشد نے ہمت کرکے پوچھا ’’آپ کون ہیں؟ ایسا لگتا ہے جیسے مَیں آپ کو پہلے بھی دیکھ چکا ہوں۔‘‘ ضعیف عورت نے کہا’’بیٹے! یہ ٹھیک ہے کہ تم لوگ مجھے دیکھتے ہو۔ مَیں چاند کی بڑھیا ہوں، چاند میں رہتی ہوں۔‘‘
’’آپ چاند کی بڑھیا ہیں؟‘‘ ارشد نے گھبرا کر کہا۔
’’گھبرانے کیا بات ہے۔‘‘ بڑھیا نے کہا ’’مَیں ساری دُنیا کے بچوں کی نانی ہوں۔ اس لئے تم سب لوگ چاند کو ماموں کہتے ہو۔ مَیں بہت عرصے سے ادھر اُدھر رہتی ہوں، کبھی مریخ میں کبھی زہرہ میں، کبھی تمہاری زمین پر۔ تمہاری زمین پر بھی اسی وقت آتی ہوں جب سارے انسان سو جاتے ہیں یا ایسی جگہ پر آتی ہوں جہاں مجھے کوئی انسان نظر نہیں آتا ہے۔ نہ جانے اس دُنیا کے انسانوں کو کیا ہوگیا ہے۔ مجھے ان کی حالت دیکھ کر بڑا دکھ ہوتا ہے۔
انسان جنگ کی باتوں میں اتنا اُلجھا ہوا ہے، زہریلے بم اور بارود بناتا ہے، اس سے زمین تباہ کرتا ہے۔ ہرے بھرے کھیت اجاڑ دیتا ہے۔ دُنیا کا رنگ و روپ چھین لیتا ہے۔ مَیں آسمان سے یہ سب کچھ دیکھتی رہتی ہوں۔ تم جانتے ہو دُنیا اور کائنات کے سارے سیارے ایک دوسرے کو اپنی طرف کھینچتے رہتے ہیں؟ ’’مَیں جانتا ہوں، ہر سیارے میں کشش ہوتی ہے، اس کے بغیر کوئی سیارہ اپنی جگہ پر قائم نہیں رہ سکتا ہے۔ مَیں نے کتابوں میں پڑھا ہے۔‘‘ ارشد بولا۔
’’ہاں! اگر کوئی سیارہ کمزور ہوگا تو اس کی شامت آجائے گی۔ مضبوط سیارہ اُسے اپنی طرف کھینچ لے گا اور کمزور سیارے کی ساری قوت ختم ہو جائے گی۔ سیارہ کی طاقت اس وقت ختم ہوگی جب وہ سیارہ ہلکا ہو جائے گا۔ تمہاری دُنیا میں ایٹم بم اور ہائیڈروجن بم بار بار گرتے جائیں تو زمین کی طاقت ختم ہو جائیگی، اگر دنیا تباہ ہوجائے گی تو چندا ماموں کو ہاتھ کے اشاروں سے کون ننھا بچہ بلائے گا۔
مَیں نے فیصلہ کر لیا ہے کہ جب تک انسان دُنیا کو تباہ کرنے کا ارادہ ترک نہ کرے گا مَیں چاند پر جا کر چکّی نہیں چلاؤں گی ۔‘‘ یہ سب کچھ کہہ کر چاند کی بڑھیا اپنی چکّی لے کر غائب ہوگئی۔ دوبارہ اندھیرا پھیل گیا اور ارشد تیز تیز قدم اٹھاتا اپنے مکان کی طرف چل دیا۔ چاند کی بڑھیا کی باتیں اس کے ذہن میں گھوم رہی تھیں۔
ارشد کی ماں اس کے انتظار میں بیٹھی تھی۔ ارشد کو دیکھتے ہی اس نے سینے سے لگا لیا۔ دیر سے آنے کی وجہ دریافت کی، ارشد نے رامو چاچا سے لے کر چاند کی بڑھیا تک کی ساری باتیں بتا دیں۔ ارشد کی ماں نے بھی کہا ’’اللہ کی مار ہو لڑائی کرنے والوں پر۔‘‘ رات بھر ارشد کے دماغ میں چاند کی بڑھیا کی باتیں گونجتی رہیں۔