پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی مرکزی رہنما آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بحیثیت قوم ہماری ذمے داری ہے کہ نوجوانوں کو تعلیم، مواقع اور اعتماد فراہم کریں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ سانحے کار ساز میں 180 سے زائد بےگناہ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ سیکڑوں زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ اُن کے خاندان آج بھی اُس ہولناک رات کے درد کو اپنے دلوں میں لیے ہوئے ہیں۔ میری والدہ اُن خطرات سے بخوبی واقف تھیں، جن کا انہیں سامنا تھا۔
پی پی پی رہنما نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے انتہا پسندی کی قوتوں کے سامنے ہتھیار ڈالنے سے انکار کیا۔ نوجوان تشدد اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کریں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جس مستقبل کے لیے بہت سے لوگوں نے اپنی جانیں قربان کیں، اُس مستقبل کی تعمیر نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے۔
آصفہ بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ بحیثیت قوم ہماری ذمے داری ہے نوجوانوں کو تعلیم، مواقع، اعتماد فراہم کریں، نفرت کے خلاف کھڑے ہوں اور دوسروں کے وقار کا تحفظ کریں۔