• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس میں بدامنی پر ٹرمپ کے بیانات ناقابلِ قبول و احمقانہ ہیں: میکرون کا سخت ردِعمل

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون—فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون—فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے فرانس میں بدامنی سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات پر شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانس میں مہنگائی اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے خلاف احتجاج کے دوران تشدد اور لوٹ مار کے واقعات کا ذمے دار تارکینِ وطن کو ٹھہرایا ہے۔

ایمانوئل میکرون نے قطر کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کے فرانس کی حالیہ صورتِ حال سے متعلق بیانات پر شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرانس میں لوٹ مار کے واقعات کے بعد غلط معلومات پھیلائی گئیں، جس کے نتیجے میں غیر ملکی رہنماؤں سمیت متعدد شخصیات نے ناقابلِ قبول اور احمقانہ تبصرے کیے۔

اس موقع پر فرانسیسی صدر سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا ان کا اشارہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب ہے تو میکرون نے جواب دیا کہ ان سمیت دیگر لوگوں کی طرف بھی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ ایسی تصاویر بھی گردش کر رہی ہیں جن میں فرانس کے ایسے مناظر دکھائے گئے ہیں جو حقیقت میں پیش ہی نہیں آئے۔

ایمانوئل میکرون کا کہنا ہے کہ بعض غیر ملکی رہنما ان مواد اور گمراہ کن بیانیوں کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فرانس پر تارکینِ وطن اور اسلام پسندوں کے بڑے پیمانے پر حملے یا یلغار کے دعوے مکمل طور پر غلط ہیں۔

اس حوالے سے فرانسیسی وزیرِ خارجہ ژاں نوئل بارو نے بھی اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ دفترِ خارجہ متعلقہ ممالک کو ضروری وضاحتیں فراہم کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ غلط معلومات اور بے بنیاد دعوؤں کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیانات میں فرانس میں جاری احتجاج اور تشدد کو امیگریشن سے جوڑتے ہوئے فرانسیسی صدر پر زور دیا تھا کہ وہ سرحدیں بند کر دیں۔

امریکی صدر نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ پیرس جلد ایک مسلم شہر بن جائے گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید