• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: بھارتی شخص نے بیوی کو قتل کر کے امیگریشن اہلکاروں پر اغواء کا الزام لگا دیا

---فوٹوز بشکریہ بھارتی میڈیا
---فوٹوز بشکریہ بھارتی میڈیا 

امریکی ریاست کیلیفورنیا کی پولیس نے اپنی بیوی کو قتل کرنے اور امیگریشن اہلکاروں پر اہلیہ کے اغواء کا الزام لگانے والے بھارتی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 28 سالہ بھارتی شخص، ملزم گوریندر گِل نے دعویٰ کیا تھا کہ امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کے اہلکار میری بیوی جیسیمن گل کو گھر سے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔

ملزم کا دعویٰ تھا کہ 30 سالہ جیسیمن کو آخری بار 30 ستمبر کو سیکرامنٹو میں واقع اپنی رہائش گاہ پر دیکھا گیا تھا جس کے 4 روز بعد اس کے کزن نے گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی۔

کیلیفورنیا کی پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران گوریندر نے بتایا کہ میری بیوی گھر کے باہر ڈاک دیکھ رہی تھی کہ امیگریشن اہلکاروں نے اسے اپنی حراست میں لیا اور ساتھ لے گئے، بعد ازاں متعلقہ ادارے نے تصدیق کی کہ اس گھر پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

حکام کے مطابق تحقیقات آگے بڑھنے پر پولیس کو ملزم کے بیانات میں تضادات نظر آئے، جبکہ جیسمین اور گوریندر کے درمیان طلاق اور بچے کی تحویل کا تنازع بھی جاری تھا۔

یکم اکتوبر کو ایل ڈوراڈو کاؤنٹی سے جلی ہوئی انسانی باقیات ملی تھیں جن کی شناخت بعد میں جیسمین گل کے طور پر ہوئی۔

پولیس نے شواہد کی بنیاد پر گوریندر کے خلاف قتل کے الزام میں وارنٹ حاصل کیا اور اسے 14 اکتوبر کو گرفتار کر لیا۔

واقعے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے امریکی امیگریشن ادارے نے گوریندر کو ذہنی طور پر غیر متوازن شخص قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بعض مجرم اپنے جرائم کا الزام ادارے کے اہلکاروں پر ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ وہ سزا سے بچ جائیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید