آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں بھارتی نژاد شخص وکرانت ٹھاکر نے عدالت میں بیوی سپریا ٹھاکر کا اپنے ہاتھوں ہلاکت کا اعتراف کرتے ہوئے قتل کے الزام سے انکار کر دیا، ملزم نے عدالت کو بتایا کہ وہ قتل نہیں بلکہ غیر ارادی طور پر پیش آنے والے ایک حادثے کا قصور وار ہے۔
بھارتی نژاد 42 سالہ وکرانت ٹھاکر رواں ماہ دوسری بار ایڈیلیڈ مجسٹریٹس کورٹ میں پیش ہوا۔ اس پر دسمبر میں اپنی 36 سالہ اہلیہ سپریا ٹھاکر کے قتل کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
وکیل کی جانب سے مشورہ ملنے پر ملزم نے عدالت میں کہا کہ ’میں غیر ارادی قتل کا اعتراف کرتا ہوں، مگر قتل کا مجرم نہیں ہوں۔‘
بھارتی میڈیا کے مطابق 21 دسمبر کو ایڈیلیڈ کے شمالی مضافات میں واقع ایک گھر سے ایمرجنسی کال موصول ہوئی تھی جہاں پولیس کے پہنچنے پر سپریا ٹھاکر کو بے ہوش حالت میں پایا گیا تھا۔ پولیس نے سی پی آر کی کوشش کی مگر وہ جانبر نہ ہو سکی۔
کیس پر ابتدائی سماعت گزشتہ ماہ کی 22 تاریخ کو ہوئی تھی جس میں ملزم نے ضمانت کی درخواست نہیں دی تھی۔
مقتولہ اور ملزم کے دوستوں اور کمیونٹی ارکان نے ان کے تنہا رہ جانے والے کمسن بیٹے کی مدد کے لیے فنڈ ریزر شروع کر دیا ہے۔ دوستوں کے مطابق سپریا ایک محنتی اور شفیق ماں تھی جو اپنے بیٹے کے بہتر مستقبل کے لیے دن رات کام کرتی تھی اور نرس بننے کی خواہش رکھتی تھی۔