سامنے ڈاکٹر علینہ کھڑی ہیں۔ مائیک پر انکی آواز ابھرتی ہے اور ایک محنت کش گھرانے کی کہانی ہال میں بیٹھے لوگوں کو اپنی گرفت میں لینے لگتی ہے۔ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف ان کی بات سن رہے ہیں۔ علینہ اپنے والد کا ذکر کرتی ہیں تو گفتگو کا مرکز ایک ایسے شخص کی طرف منتقل ہوجاتا ہے جو دنیا میں موجود نہیں، لیکن اپنی بیٹی کی کامیابی میں آج بھی زندہ ہے۔انکے والد درزی تھے۔ کپڑے سیتے تھے، گھر چلاتے تھے اور بیٹی کو ڈاکٹر بنانا چاہتے تھے۔ محدود آمدن والے باپ کا کتنا بڑا خواب تھا۔ پھر علینہ کے بچپن میں ان کا انتقال ہوگیا۔ باپ کے جانے سے گھر کی مشکلات بڑھیں، لیکن ایک بچی کیلئے اس سے بھی بڑا نقصان اس اعتماد کا اٹھ جانا تھا کہ کوئی ہے جو اس کے مستقبل کی فکر کررہا ہے۔
علینہ بتاتی ہیں کہ دانش اسکول نے انہیں سہارا دیا۔ تعلیم جاری رکھنے کا موقع ملا، رہائش اور کھانے کی فکر دور ہوئی، اساتذہ کی رہنمائی میسر آئی اور وہ اپنے خواب کی طرف بڑھتی رہیں۔ حاصل پور کے دانش اسکول سے نکلنے والی یہ بچی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پہنچی اور آج ڈاکٹر بن کر سامنے کھڑی ہے۔علینہ کی گفتگو کے دوران شہباز شریف کے چہرے کی طرف نظر جاتی ہے تو ان کی آنکھوں میں نمی دکھائی دیتی ہے۔ آج اس بچی کا باپ یہاں موجود نہیں کہ اپنی بیٹی کی کامیابی دیکھ سکے، لیکن سامنے بیٹھے وزیراعظم کی شفقت میں اسے باپ کے سائے کا احساس ہوتا ہے اور شہباز شریف کیلئے وہ قوم کی ایک بیٹی بن کر سامنے کھڑی ہے۔ ہال کی جذباتی فضا میں یہ منظر ریاست اور ایک بے سہارا بچی کے تعلق کو معنی دے رہا ہے۔ بطور وزیراعلیٰ پنجاب، 2010ءمیں دانش اسکول کی صورت میں انہوں نے جو پودا لگایا تھا، آج وہ درخت پھل دینے لگا ہے۔ اس کا ایک ثمر ڈاکٹر علینہ ہیں، جن کی کامیابی میں ایک مرحوم باپ کا خواب، ایک بیٹی کی محنت اور ریاست کی سرپرستی یکجا ہوگئے ہیں۔ شہباز شریف کی آنکھوں میں ٹھہری نمی میں شاید اسی خوشی کا عکس ہے کہ ان کے ایک فیصلے نے کسی باپ کا خواب بکھرنے سے بچا لیا۔پھر خیبرپختونخوا کے ضلع کُرم سے تعلق رکھنے والے زاہد گل کی کہانی دل کو ایک اور طرح سے چھوتی ہے۔ وہ پڑھنا چاہتا تھا، مگر گھر کے حالات مشکل تھے۔ چھٹی کے دن کباڑ بیچ کر تعلیم کے اخراجات پورے کرتا تھا۔ذرا اپنے بچے کو اس کی جگہ رکھ کر دیکھیے۔ جس عمر میں ہم اس کے بستے کا وزن زیادہ ہونے پر پریشان ہوجاتے ہیں، اسی عمر کا ایک بچہ کباڑ اٹھاکر اپنی پڑھائی بچانے کی کوشش کررہا تھا۔ اسکے اندر بھی آگے بڑھنے کی خواہش تھی، لیکن ہر خواہش کے سامنے گھر کی ضرورت کھڑی ہوجاتی تھی۔دانش اسکول نے زاہد کو سہارا دیا۔ اب اسے پڑھنے، اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے اور قوم کا ذمہ دار شہری بننے کا موقع ملا ہے۔ منزل ابھی آگے ہے، لیکن راستہ کھل گیا ہے۔ ایک بچے کیلئے یہی کتنی بڑی تبدیلی ہے کہ وہ اگلے دن کی مزدوری کے بجائے اگلی جماعت کے بارے میں سوچ سکے۔
یہی شہباز شریف کے تعلیمی وژن کی اصل اہمیت ہے۔ انہوں نے محسوس کیا کہ ذہانت کسی خوش حال گھرانے کی میراث نہیں، محنت کش کی جھونپڑی میں بھی ایک ڈاکٹر، انجینئر اور استاد پل رہا ہوسکتا ہے۔ ان کی تعریف اس لیے بنتی ہے کہ انہوں نے اس سوچ کیلئے ادارے قائم کیے، وسائل فراہم کیے اور مستحق بچوںکیلئے دروازے کھولے۔ آج علینہ اور زاہد جیسے بچے اس تصور کی زندہ گواہی ہیں۔ کسی حکمران کیلئے اس سے بڑی خوشی کیا ہوگی کہ اس کا شروع کیا ہوا کام ایک یتیم بچی کا سہارا اور ایک مجبور بچے کی امید بن جائے۔میرا ماننا ہے کہ غریب بچے کی تعلیم صرف فیس معاف کرنے سے جاری نہیں رہتی۔ اسے کھانا، رہائش، یونیفارم، علاج اور استاد کی توجہ بھی چاہیے۔ دانش اسکول مستحق بچوں کو یہ سہولتیں دیتے ہیں تاکہ گھر کی تنگ دستی کا اثر بچوں کی تعلیم پر نہ پڑے۔
میری معلومات کے مطابق پنجاب میں دانش اسکولوں اور سینٹرز آف ایکسی لینس کے 34 اداروں پر مشتمل تعلیمی نظام میں40000 سے زائد طلبہ و طالبات تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ یہ بچے علم اور ہنر سے آراستہ ہوکر اپنے خاندانوں کی امیدیں پوری کرنے اور پاکستان کا مستقبل سنوارنے کی تیاری میں مصروف ہیں۔اس وقت خیبرپختونخوا سمیت دوسرے صوبوں کے تقریباً 1100 بچے خصوصی کوٹے کے ذریعے دانش اسکولوں سے مستفید ہورہے ہیں۔ دانش اسکول میں داخلے کیلئےمالی حیثیت ، تعلیمی میرٹ اور خاندانی حالات کی تصدیق ضروری ہے۔ اب خیبرپختونخوا میں بھی 6 دانش اسکول زیرِ تعمیر ہیں، جن کی بروقت تکمیل سےمزید ہزاروں بچے اس شاندار تعلیمی نظام سے مستفید ہونگے۔ یہاں خیبرپختونخوا کی سیاسی قیادت سے جواب طلب کرنا ضروری ہے۔ تحریک انصاف کو وہاں ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے بار بار حکمرانی کا موقع ملا۔ تعلیم، انصاف، روزگار اور ترقی کے وعدوں پر عوام نے اعتماد کیا۔ پھر آج بھی بچوں کی تعلیم غیر محفوظ کیوں ہے؟ بدامنی سے متاثرہ خاندان اپنے مستقبل کیلئے پریشان کیوں ہیں؟ دہشتگردی کے اسباب کئی ہیں، لیکن صوبائی حکومت تعلیم، انتظام اور عوام کے تحفظ کی اپنی ذمہ داری سے بری نہیں ہوسکتی۔ عوام کو یہ پوچھنے کا حق ہے کہ وسائل کہاں خرچ ہوئے، تعلیمی وعدوں کا کیا بنا، بدعنوانی کی شکایات پر کیا کارروائی ہوئی اور سیاسی کشمکش کے درمیان بچوں کی ضرورتوں کو کتنی ترجیح ملی؟
سیاست کا اصل امتحان اس بچے کی زندگی ہے جو اسکول جانے کے بجائے روزی تلاش کررہا ہو، اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ اس کا ہاتھ تھام کر اسے دوبارہ تعلیمی دھارے میں لائے۔ شہباز شریف کا دانش اسکولوں کو خیبرپختونخوا تک پہنچانا اسی لیے قابلِ تعریف ہے۔ اب اس سلسلے کو سندھ اور بلوچستان سمیت دوسرے علاقوں تک بھی وسعت دینی چاہیے، تاکہ وہاں کے مستحق بچوں کو بھی معیاری تعلیم کا سہارا ملے اور شہباز شریف کا یہ خواب ان کی زندگیوں کو بھی بدل سکے۔