کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی جونیئر ہاکی ٹیم پیر کودورہ یورپ کےلئے روانہ ہوگئی۔ ٹیم میں محمد دلبر، اظفر یعقوب، محمد عتیق بلال قادر، علی رضا، عاطف مشتاق، ابوبکر محمود، عماد شکیل بٹ ( کپتان)، جنید کمال، شان ارشد، رانا سہیل ریاض، طلال خالد، حسن انور، فیضان مبشر علی، محمد عثمان شامل ہیں جبکہ تین کھلاڑی سمیع اللہ، فہد اللہ اور محسن ٹیم کو چند دن بعد جوائن کریں گے۔ ٹیم آفیشلز میں بریگیڈیئر (ر) خالد مختار فارانی، ہیڈ کوچ طاہر زمان، کوچ ذیشان اشرف، اسسٹنٹ کوچ محمد عرفان، ویڈیو اینالسٹ زاہد علی، نیوٹریشنسٹ غصنفر علی شامل ہیں ۔ قومی جونیئر انڈر 21 ٹیم 2 ستمبر تک یورپ کا دورہ کرے گی۔ اسپین میں قومی انڈر 21 ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی، ہالینڈ میں قومی جونیئر ٹیم ہالینڈ پریمیئر ڈویژن سمیت دیگر ٹاپ ٹیموں کے خلاف میچز کھیلے گی۔ ہیڈ کوچ طاہر زمان نے روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دورہ یورپ جونیئر ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہے جو کہ رواں سال کے آخر میں بھارت میں ہوگا۔ روانگی سے قبل کھلاڑیوں کی مختصر دورانیہ کے تربیتی کیمپ میں دو مختلف سیشنز میں ٹریننگ کی گئی۔ ان کی فٹنس، اسٹرکچر اور پنلٹی کارنرز کے شعبہ پر زیادہ زور دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ دورہ یورپ سے کھلاڑیوں کو مضبوط ٹیموں کے کھلاڑیوں کی کار کردگی اور فٹنس کا اندازہ ہوجائے گا، جس سے ہمیں جونیئر ورلڈ کپ سے قبل اپنی خامیوں کو دور کرنے کا موقع مل جائے گا، یورپ کے دورہ کے بعد مختصر دورانیہ کا کیمپ لگایا جائے گا جس میں یورپی دورہ میں سامنے آنے والی خامیوں اور کمزوریوں کو دور کیا جائے گا۔