دنیا اس وقت غیر معمولی تبدیلیوں کے دور سے گزر رہی ہے۔ عالمی سیاست کے پرانے توازن بدل رہے ہیں، حکومتوں کے نظم و نسق میں تبدیلیاں آ رہی ہیں، عالمی طاقتوں کی ترجیحات تبدیل ہو رہی ہیں اور مختلف خطوں میں نئی قیادتیں نئے سیاسی و معاشی راستے تلاش کر رہی ہیں۔ برصغیر سے لیکر مشرقِ وسطیٰ تک بے شمار تبدیلیوں کے امکانات موجود ہیں۔ کہیں دفاعی تعاون کے نئے معاہدے ہو رہے ہیں، کہیں معاشی شراکت داری کے نئے دروازے کھل رہے ہیں اور کہیں علاقائی طاقتیں اپنے مستقبل کے تحفظ کیلئے نئے اتحادی تلاش کر رہی ہیں۔ معاہدہ بدر بھی اسی بدلتے عالمی منظرنامے کی ایک اہم کڑی ہے، جو پاکستان سمیت چار ممالک کے درمیان دفاعی صنعت، ٹیکنالوجی اور عسکری تعاون کے نئے امکانات سامنے لاتا ہے۔21 اکتوبر 2026ء کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں پاکستان، ترکیہ، قطر اور انڈونیشیا نے معاہدہ بدر پر دستخط کیے۔ترک میڈیا کے مطابق اس اہم معاہدے پر پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف اور ترکیہ کے وزیرِ دفاع یشار گولر نے دستخط کیے۔اس موقع پر قطر کے وزیرِ دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمان الثانی اور نائب انڈونیشین وزیرِ دفاع نے بھی اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے اس معاہدے کی دستاویز پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کا بنیادی مقصد دفاعی صنعت میں تعاون، مشترکہ پیداوار، عسکری ٹیکنالوجی کی ترقی، فنی تربیت اور تحقیق و ترقی کے شعبوں میں اشتراک کو فروغ دینا ہے۔اس معاہدے کی اہمیت کو سمجھنے کے لیے شریک ممالک کی عسکری اور صنعتی صلاحیتوں کا جائزہ ضروری ہے۔ترکیہ اس شراکت داری کا ایک اہم تکنیکی ستون ہے۔ اس نے گزشتہ برسوں میں ڈرون ٹیکنالوجی، بکتر بند گاڑیوں، میزائل نظاموں، بحری جہازوں اور دفاعی الیکٹرانکس کے شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے۔ ترکیہ کے پاس نیٹو کی رکنیت، جدید عسکری تربیت اور وسیع دفاعی صنعتی تجربہ بھی موجود ہے۔پاکستان کی بنیادی قوت اس کی تجربہ کار مسلح افواج، فضائی اور زمینی دفاعی صلاحیت، میزائل ٹیکنالوجی، جوہری دفاعی صلاحیت اور مقامی دفاعی پیداوار میں ہے۔ پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس، پاکستان آرڈیننس فیکٹریز اور جے ایف 17 تھنڈر جیسے مشترکہ منصوبے اس امر کی مثال ہیں کہ بین الاقوامی شراکت داری کس طرح مقامی دفاعی صلاحیت کو وسعت دے سکتی ہے۔قطر کی اہمیت اس کی مالیاتی قوت، سرمایہ کاری کی استعداد اور خلیج میں اس کے تزویراتی محلِ وقوع سے جڑی ہے۔ اگر قطر دفاعی تحقیق، پیداواری تنصیبات اور مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ لگاتا ہے تو پاکستان اور ترکیہ جیسے صنعتی شراکت داروں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔انڈونیشیا جنوب مشرقی ایشیا کا ایک بڑا ملک ہے، جس کے پاس وسیع آبادی، اہم بحری محلِ وقوع اور دفاعی پیداوار میں ترقی کے امکانات موجود ہیں۔ وہ اپنی دفاعی صنعت کو وسعت دینے اور بیرونی انحصار کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ان چاروں ممالک کی صلاحیتیں ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ ترکیہ تکنیکی مہارت، پاکستان دفاعی پیداوار اور عملی عسکری تجربہ، قطر سرمایہ اور انڈونیشیا جنوب مشرقی ایشیا کی منڈیوں تک رسائی فراہم کر سکتے ہیں۔ یہی صلاحیتیں اس معاہدے کی اصل قوت بن سکتی ہیں۔معاہدہ بدر کو ایک وسیع تر علاقائی رجحان کے تناظر میں بھی دیکھنا چاہیے۔ پاکستان، سعودی عرب، قطر، انڈونیشیا اور ترکیہ کے درمیان مکہ و بدر دفاعی معاہدے کے بعد خطے میں ایک نئی اسٹرٹیجک صف بندی کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ اس تعاون کا مقصد دفاعی صنعت، ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور باہمی سلامتی کے شعبوں میں روابط کو مضبوط بنانا ہے۔ اس تناظر میں معاہدہ بدر ایک ایسے وسیع تر تعاون کا حصہ بن سکتا ہے جس میں مسلم ممالک دفاعی صنعت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی میں زیادہ خودکفالت حاصل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں اور یہ معاہدہ مستقبل میں کسی بڑے بلاک کے قیام کی بنیاد بھی بن سکتا ہے۔ اگر اسکے اثرات کا جائزہ لیں تو اس معاہدے کا پہلا ممکنہ اثر دفاعی پیداوار میں تعاون کی صورت میں سامنے آ سکتا ہے۔ اگر شریک ممالک مشترکہ طور پر پرزے، الیکٹرانکس، ڈرون، نگرانی کے نظام اور دیگر دفاعی آلات تیار کرتے ہیں تو پیداواری لاگت کم اور مقامی مہارت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ دوسرا اثر دفاعی سپلائی چین میں تنوع کا ہوگا۔ ممالک کسی ایک بیرونی سپلائر پر انحصار کم کر کے متبادل ذرائع پیدا کر سکیں گے۔تیسرا اثر خلیج، جنوبی ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا کے درمیان صنعتی روابط میں اضافے کی صورت میں ممکن ہے۔ پاکستان کو مشرقِ وسطیٰ میں سرمایہ کاری اور جنوب مشرقی ایشیا میں برآمدی مواقع مل سکتے ہیں۔ تاہم یہ تعاون اسی وقت خطے کے امن کے لیے مفید ہوگا جب اس کا مقصد دفاعی استعداد، بازدارندگی اور استحکام ہو، نہ کہ نئی محاذ آرائی یا اسلحے کی غیر ضروری دوڑ۔ممکنہ طور پر امریکہ، متحدہ عرب امارات، اسرائیل اور بھارت کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون خطے میں طاقت کے توازن کو مزید پیچیدہ بنا سکتا ہے۔ اس صورتِ حال میں پاکستان اور اس کے شراکت داروں کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ دفاعی تیاری کے ساتھ ساتھ سفارتی رابطوں، اقتصادی تعاون اور بحرانوں سے بچاؤ کے طریقہ کار کو بھی مضبوط بنائیں۔پاکستان کو چاہیے کہ دفاعی شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے واضح منصوبہ بندی کرے، نجی صنعت کو مناسب مواقع دے، جامعات اور تحقیقی اداروں کو دفاعی ٹیکنالوجی کی ترقی سے جوڑے اور برآمدی معاہدوں میں مقامی صنعت کے حصے کو یقینی بنائے۔ اس طرح دفاعی تعاون محض عسکری اخراجات تک محدود رہنے کے بجائے صنعتی ترقی اور روزگار کا ذریعہ بن سکتا ہے۔بدلتی دنیا میں پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی جغرافیائی اہمیت کو معاشی قوت میں تبدیل کرے۔ دفاعی تعاون کو سفارت کاری، تجارت، تعلیم اور ٹیکنالوجی کے ساتھ جوڑ کر ایک متوازن حکمتِ عملی اپنائی جائے۔ معاہدہ بدر اس سمت میں ایک موقع فراہم کرتا ہے۔