• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں ہائی جیک کرنے جارہا ہوں، موبائل فون میں دھمکی کا پیغام لکھنے پر پرواز کی ہنگامی لینڈنگ

تصویر: رائٹرز
تصویر: رائٹرز

امریکی ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس سے نیو جرسی کیلئے روانہ ہونے والی یونائیٹڈ ایئر لائنز کی پرواز یو اے 1681 کو ہائی جیکنگ کے شبہ پر واپس اتار لیا گیا۔ 

رپورٹس کے مطابق ٹیک آف کے محض 20 منٹ بعد پرواز 24,000 فٹ کی بلندی پر تھی کہ مسافروں کے پاس سے گزرتے ہوئے ایک ایئر ہوسٹس کی عقابی نظر 25 سالہ مسافر ڈینٹے ملن کے موبائل فون پر پڑی اور پیغام بھیجنے کے خانے میں ڈرافٹ کو دیکھ کر وہ الرٹ ہوگئی۔ 

نوجوان نے پیغام لکھا تھا کہ "gonna hijack this" (میں اسے ہائی جیک کرنے جا رہا ہوں)، اور ساتھ میں نامناسب الفاظ استعمال کیے تھے۔ مسافر نے یہ بھی لکھا تھا: "crash ur row only" (صرف تمہاری قطار کو تباہ کروں گا)۔

اس مشکوک اور خطرناک پیغام کو دیکھ کر فضائی میزبان نے فوراً پائلٹ کو مطلع کیا۔ جس پر پائلٹ نے کاک پٹ کو لاک ڈاؤن کر دیا اور ایئر ٹریفک کنٹرولر کو غیر معمولی صورتحال سے آگاہ کیا۔ ہدایت ملنے پر پائلٹس نے پرواز کو واپس موڑ لیا۔

24 اکتوبر کو پیش آنیوالے اس واقعہ پر پائلٹ نے رپورٹ کیا کہ عملے نے مسافر کو شک کا احساس نہیں ہونے دیا تاکہ وہ کوئی گڑبڑ نہ کرے۔ 

مسافر بالکل پرسکون رہا کیونکہ اسے معلوم ہی نہیں تھا کہ اس کے میسج کی وجہ سے پورا جہاز واپس جا رہا ہے۔ لاس ویگاس ایئر پورٹ پر جہاز کی محفوظ لینڈنگ کے بعد پولیس نے جہاز کے اندر ہی کارروائی کرتے ہوئے 25 سالہ مسافر کو دہشت گردی کی دھمکیاں دینے اور جھوٹی معلومات پھیلانے کے جرم میں گرفتار کر لیا۔

طیارے میں 150 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے جو سب محفوظ رہے۔ ایوی ایشن سیکیورٹی پروٹوکول کے تحت ایسی کسی بھی تحریر یا دھمکی کو انتہائی سنگین خطرہ مانا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ عملے نے فوری ایکشن لیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید