آپ کے مسائل اور اُن کا حل
سوال: میں ایک نجی کمپنی میں کام کرتا ہوں اور اپنی نگرانی میں کام کرنے والے تقریباً 1,000 ملازمین کے امور کا ذمہ دار ہوں، فی الحال، ایک جدید ڈیجیٹل نظام کے نفاذ اور انضمام (merger) کے عمل کی وجہ سے کمپنی کو اپنی افرادی قوت میں 50 فیصد سے زیادہ کمی کرنے کی ضرورت ہے، اس کے نتیجے میں، تقریباً 500 ملازمین کو ملازمت سے فارغ کیا جا سکتا ہے اور وہ بے روزگار ہو سکتے ہیں۔
شرعی نقطۂ نظر سے کیا میرے لیے ایسے فیصلے میں شامل ہونا جائز ہے؟ کیا ان ملازمین کی ملازمت ختم کروانے کا سبب بننے پر مجھے گناہ گار سمجھا جائے گا؟
دوسری طرف، اگر میں کمپنی کی ہدایات پر عمل کرنے سے انکار کرتا ہوں تو مجھے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، بشمول اپنی ملازمت سے ہاتھ دھونا، ایسی صورت ِحال میں، اسلامی اصولوں کے مطابق مجھے کیا کرنا چاہیے؟
جواب: اگر کمپنی کو جدید ڈیجیٹل نظام کے نفاذ اور انضمام کی وجہ سے افرادی قوت کم کرنے کی حقیقی ضرورت پیش آگئی ہے، ملازمین کو کمپنی کے طے شدہ اُصول و ضوابط اور ملازمت کے معاہدے کے مطابق ملازمت سے دستبردار کیا جارہا ہے تو سائل کے لیے بحیثیت ذمہ دار افسر اس عمل میں شریک ہونا جائز ہے، محض اس وجہ سے کہ بعض ملازمین بے روزگار ہوجائیں گے، سائل گناہ گار نہیں ہوگا۔
البتہ اگر ملازمین کو ناحق، ذاتی اختلاف، عناد، جھوٹ یا کسی اور ناجائز طریقے سے ملازمت سے فارغ کیا جارہا ہو تو اس صورت میں سائل کے لیے ایسا کرنا جائز نہیں، کیوں کہ یہ ظلم اور گناہ کے کام میں تعاون کے حکم میں ہوگا۔
لہٰذا سائل پر لازم ہے کہ ملازمین کے انتخاب اور معزول کرنے میں عدل و انصاف اور کمپنی کی حقیقی ضرورت اور طے شدہ جائز قواعد و ضوابط کو معیار بنائے، ذاتی پسند و ناپسند کو دخل نہ دے، اور کمپنی کی جائز ہدایات کے مطابق اپنی ذمہ داری ادا کرے۔