• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا شوہر کے منع کرنے کے باوجود عمرہ کے دوران قیام کی جگہ والدین اور بہن بھائیوں کو بتانا درست ہے؟

فائل فوٹو
فائل فوٹو

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال: میں ایک شادی شدہ عورت ہوں جو اپنے شوہر اور 12 سالہ بیٹے کے ساتھ بیرونِ ملک رہتی ہوں۔ ہم پاکستان سے عمرہ کرنے جانا چاہتے ہیں۔ میرے شوہر نہیں چاہتے کہ وہ کسی کو بتائیں کہ ہم مکہ اور مدینہ میں کہاں قیام کریں گے۔ ان کا خیال ہے کہ یہ دکھاوا ہوگا۔

ان کے خاندان کو بھی اس بات سے کوئی خاص فرق نہیں پڑتا، لیکن میں چاہتی ہوں کہ کم از کم میرے والدین اور بہن بھائیوں کو معلوم ہو کہ ہم مکہ اور مدینہ میں کہاں قیام کریں گے، صرف حفاظتی وجوہات کی بناء پر۔ خاندان میں کسی ایک فرد کو ہمارے بارے میں معلوم ہونا چاہیے۔

میرا مقصد بالکل بھی دکھاوا کرنا نہیں ہے، کیونکہ میں بھی ایک دین دار عورت ہوں۔ میرا خاندان مالی طور پر خوشحال ہے اور وہ پہلے بھی اچھے پیکیجز کے ساتھ عمرہ اور حج کر چکے ہیں، اور میرے خاندان میں "حسد" جیسی کوئی بات نہیں ہے، الحمدللہ۔

مزید یہ کہ میں اپنے شوہر سے زیادہ کماتی ہوں اور ایسا بھی نہیں ہے کہ سفر کے اخراجات وہ برداشت کر رہے ہیں۔ براہِ کرم مجھے بتائیں کہ کیا میں اپنے والدین اور بہن بھائیوں کو یہ بتا سکتی ہوں کہ ہم کہاں قیام کریں گے، چاہے میرے شوہر اس کے خلاف ہوں؟ میری نیت صرف حفاظت کی ہے، خاص طور پر اپنے بچے کی وجہ سے۔ میں صرف یہ بتانا چاہتی ہوں کہ ہمارا بہت زیادہ مہنگے ہوٹلوں میں ٹھہرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

جواب: والدین اپنی اَولاد کی راحت اور سکون سے خوش ہوتے ہیں، اسی طرح عموماً بہن بھائی بھی ایک دوسرے کی خوشی سے خوش ہوتے ہیں، حسد نہیں کرتے، اس لیے آپ کے شوہر کو چاہیے کہ حرمین شریفین کے سفر اور وہاں کی قیام گاہ کی تفصیل آپ کے والدین کو بتانے سے نہ روکیں، جب کہ اس میں شرعاً کوئی خرابی بھی نہیں ہے۔

تاہم یہ بات سمجھانے کے باوجود بھی وہ آپ کو منع کریں تو آپ سفر کی تفصیلات اپنے والدین کو نہ بتائیے، شوہر کی رضامندی اور خوشی کا بہرحال لحاظ رکھیے، کیوں کہ یہ تفصیلات رشتے داروں کو بتانا ضروری نہیں ہے، اور ان کا تعلق براہِ راست والدین کے واجب حق سے بھی نہیں ہے، جب کہ جائز امور میں شوہر کی اطاعت لازم ہے۔ (بدائع الصنائع، ج:2، ص:334، ط:دار الکتب العلميۃ)

اقراء سے مزید