• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اب تو یہ ضروری ہوگیا ہے کہ ہفتے کی رات اور اتوار کا دن کسی طور ایسی ہولناک خبر دیکھ کر نہ رات کوچین اور دن کی فرصت کو خوف کھا جاتا ہے۔ بچوں کی تصاویر اور اپنے ہی والد کے پورنو کارنامے یاد دلاتے ہیں، وہ سارے واقعات جب اولاد کھڑے کھڑے ماں، باپ کو گھر سے باہر کردیتی ہے، اس عمل پر شرمندہ بھی نہیں اور اس کو اپنا حق سمجھ کر زندگی گزارنے کا سکھ حاصل کرتی ہے، کبھی یہ بھی نہیں سوچتی وہ جنہوں نے پالا پڑھا یا شادی کی، انہی ماں، باپ کیلئے گھر کا ایک کمرہ بھی نہیں۔ پریم چند کے زمانے سےآج تک یہ موضوع مع واقعات کھڑا نظر آتا ہے، یہ ستم اور المناک حالات میں اب غیرت کے نام پر قتل روز بروز اضافے کے ساتھ کھسیانی ہنسی کو دعوت ہے۔ دنیا میں ازدواجی تعلقات میں اگر میری خود مرضی ہو تو خاندان کو کیا تکلیف ہے، اب گزشتہ صبح آنکھ کھلی تو کھلی ہی رہ گئی، ناشتہ بھی نہیں کیا جاسکا کہ والد اپنے بچوں کی فلمیں اور وہ بھی پورنو گرافی، بہ طور کاروبار مدت سے کررہا تھا، یورپ سے آرڈر لیتا اور ڈارک ویب پر بھیجتا تھا، اس مذموم حرکت پر فاسد ڈالر ملتے ہیں، یہ کام مصنوعی ذہانت کے زمرے میں نہیں آتا، اعدادو شمار بولتےہیں کہ صوابی اور شمالی پہاڑی علاقوں میں یہ کاروبار عرصے سے جاری ہے اور باقی دوسرے موضوعات یعنی چھوٹی عمر کے بچوں کی شادیاں جو جرگہ میں بھی تسلیم کی گئیں جاری و ساری ہیں۔

ایک اور اہم بات کہ پاکستان کے کسی بھی خطے میں درخت نہیں کاٹے جائیں، ورنہ سزا دی جائے گی، ایک اور موضوع جس پر IMF اور ورلڈ بینک دونوں نے توجہ دی کہ بچوں کی تعداد کم کی جائے، ان دونوں عالمی اداروں نے تنبیہ کی کہ اب جو فنڈ میسر تھے وہ دے دیے گئے، اب اپنی معاشرتی اور مالی ضرورتیں جس میں بچوں کا نصاب، یونیفارم اور دوپہر کا لنچ بھی شامل ہے۔ یہ سب حکومت کی ذمہ داری رہے گی، باقی وقت میں ہم مانیٹر کریں گے۔

آئے دن بچوں کے اسکول کی بلڈنگ نامکمل نظر آتی ہے، اسکول چاہے سرکاری ہوں کہ پرائیویٹ، بلڈنگ مکمل اور کھیل کا میدان ہونا بھی ضروری ہے، علاوہ ازیں لڑکیوں کے باتھ رومز میں خاص احتیاط کا سامان ہونا ضروری ہے، اب بھی سیلاب زدہ علاقوں کی سڑکیں اور اسکولوں کی چار دیواری باقاعدہ اور مکمل نہیں ہوئی۔

پاکستان میں ساٹھ سال کی عمر میں ریٹائر کردیا جاتا ہے، یہ ایک احسن اقدام ہے کہ ان ریٹائرڈ لوگوں کو تنخواہ کے درجات کے مطابق پنشن دی جاتی ہے، یہ پنشن اب تو بینکوں کی معرفت ملنے لگی ہے، پھر بھی عمر کی زنجیر جب 80سال سے اوپر کھنچتی جائے تو دیکھا ہے کہ کبھی ماں اور کبھی باپ کو گود میں بھر کہ بینک تک لایا جاتا ہے۔ سب سے تکلیف دہ بات یہ ہے عمر کی 80سالہ منزل یا اس سے آگے تمام اصحاب کو پنشن کے علاوہ اور کسی بچے یا جائیداد سے اضافی رقم بھی نہیں ملتی ہے، تو ہم جیسے بڈھوں کو اپنی پنشن کا حساب دینے کیلئے آڈٹ رپورٹ تیار کروانے اور پیش کرنے کے مراحل میں ردوبدل ایسے کیا جائے کہ سال بھر کے بعد ایک اسٹیٹمنٹ حاصل کی جائے کہ پورے سال میں مجھے انعام یا کوئی دوسری رقم موصول نہیں ہوئی، پنشن کی ادائیگی میںجو کٹھنائیاں درپیش ہیں، وہ قطعی طور پر ختم کی جائیں، بچے بھی والدین کی اپنی طرف سے محبت میں کچھ ادا کریں تو یہ ان کی نیک بختی ہوگی۔

مغربی دنیا میں تو علاقائی ڈاکٹر دیکھ بھال اور دوائیوں کا ذمہ دار ہوتا ہے، سرکار اس کو ماہانہ دیتی ہے، مگر علاقے کے لوگوں خاص طورجو اکیلا فرد ہو تو سوشل ویلفیئر رضاکاروں کی ذمہ داری لگائی جائے کہ ان کو غسل کروانے جیسے معمولات کیلئے ایک دن ضرور نکالا کریں، باغ میں لے جائیں یا کسی کھلی جگہ۔ابھی کچھ جگہوں پر عورتوں اور مردوں کے اولڈ پیپلز ہوم انفرادی طور پر اور سرکاری سطح پر بھی بنائے گئے ہیں۔ وہاں اسٹاف اور روزمرہ کا بجٹ بزرگوں کی صحت اور ذہنی حالت دیکھ کر دودھ اور پھل وغیرہ کا اہتمام بھی کیا جائے۔آغا خان اسپتال سے منسلک دیگر اداروں میں بھی عورتیں اور مرد، رضاکارانہ طور پر دوچار گھنٹے، بیماروں کا دل بہلاتے، کہانی اور قصے سناتے اور بال بچوں کے قصے سنتے ہیں، گھنٹہ دو گھنٹے ہنسی مذاق میں گزر جاتے ہیں۔

آج مجھے سردی لگ رہی ہے، بازار گئی تھی، روئی لینے کہ میں خود اپنی رضائی بناؤں گی، پورے بازار چھان مارے، ہر جگہ کہیں اس سال روئی ملی نہیں ، اب تو سوفٹ فوم بھر کے لحاف اور گدے بنائے جارہے ہیں، وہ نرم نرم روئی جو بچپن سے اب تک دلائی سے لے کر لحاف میں بھری جاتی اور اس میں باریک ڈورے پڑتے تھے، یہ سب گزرا زمانہ ہوا، اس عالم میں ہمارے بچوں کی پورنو بناکر بیچ کر، غربت وہیں ہے، سرکار کی ذرا تو آنکھیں کھلی ہیں، چہل قدمی ہورہی ہے۔

تازہ ترین