گوجرانوالہ(نمائندہ جنگ)سرکاری سکولوں کی سیکورٹی کے سخت احکامات کے باوجودگوجرانوالہ ضلع بھر کے 20حساس ترین سکولوں سمیت ایک ہزار سے زائد سکولوں میں آج تک سیکورٹی گارڈز بھرتی نہ ہوسکے ،ایجوکیشن ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے سخت احکامات دیئے تھے کہ پہلے مرحلے میں ایسے سکول جہاں پر 500سے زائد طلبہ وطالبات ہیں انہیں حساس ترین قرار دیکر وہاں فوری سیکورٹی گارڈ بھرتی کئے جائیں بعدازاں دیگر سکولوں میں بھی جلد از جلد سیکورٹی گارڈ بھرتی کئے جائیں مگر ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود گوجرانوالہ ضلع بھر کے ایک ہزار سے زائد پرائمری مڈل اور ہائی سکولوں میں آج تک سیکورٹی گارڈ بھرتی نہ کئے گئے ذرائع کے مطابق بعض سکول سربراہوں نے پرائیویٹ سیکورٹی گارڈ رکھے ہوئے ہیں بعض نے نائب قاصد چوکیدار اور مالی وغیرہ سے سیکورٹی گارڈ کی ڈیوٹی لینا شروع کر دی ہے،ای ڈی اوایجوکیشن صہیب عمران نے کہا کہ 185حساس سکول تھے سب میں سیکورٹی گارڈ بھرتی کرلئے گئے تھے اب 20ستمبر تک دیگر بی کیٹاگری کے تمام سکولوں میں بھی ریٹائرڈ فوجی سیکورٹی گارڈ بھرتی کر لئے جائیں گے ۔