گوجرانوالہ (نمائندہ جنگ)گوجرانوالہ ڈویژن کے چھ اضلاع میں ساڑھے تین لاکھ ووٹرز کی تصدیق کرلی گئی، ڈیڑھ لاکھ ووٹرز کی تصدیق کا عمل 29 اگست تک مکمل کیا جائیگا، الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد کی ایک اعلی سطحی ٹیم نے سینئر آفیسر آصف یسین کی معیت میں گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد اور نارووال کے اضلاع کی انسپکشن مکمل کرلی اور مجموعی صورتحال کو تسلی بخش قرار دے دیا۔ریجنل الیکشن کمشنر چودھری علیم شہاب نے ٹیم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گوجرانوالہ ڈویژن کے لگ بھگ پانچ لاکھ ووٹرز کی تصدیق کے لئے الیکشن کمیشن نے 7 ڈسٹرکٹ رجسٹریشن آفیسرز،171 اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسرز اور 3376 تصدیق کنندہ آفیسرزکا تقرر کیا ہے ، ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے 21 ریجنل انسپکشن ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں۔ تمام اضلاع کے الیکشن کمشنرز سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹیں لی جارہی ہیں اور گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد اور نارووال کے الیکشن کمشنرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تمام تصدیق کنندہ آفیسروں سے بلاناغہ رابطہ کیا جائے ، اور ان سے فوت ہونے والے افراد کے نام نئی ووٹر لسٹوں سے کاٹ دینے ، 18سال سے زائد عمر ہونے پر جن شہریوں کے نئے ووٹ نادرا کی طرف سے بنائے گئے ان کے ووٹوں کی تصدیق کرنے اور ووٹروں کے ناموں اور ایڈریس کی درستگی کروانے سے متعلق تفصیلات معلوم کرکے ریکارڈ اپ ڈیٹ کیا جائے ۔