دنیا کی سیاست میں طاقت کے پیمانے تبدیل ہو رہے ہیں۔ کبھی سرحدوں پر قبضہ، فوجی برتری اور عسکری قوت کسی ملک کی طاقت کا بنیادی معیار سمجھے جاتے تھے، لیکن اکیسویں صدی میں پانی، توانائی، تجارت، ٹیکنالوجی،مصنوعی ذہانت اور معاشی وسائل بھی جنگی حکمت عملی کا حصہ بن چکے ہیں۔ اب کسی ملک کو کمزور کرنے کیلئے ضروری نہیں کہ اس پر میزائل برسائے جائیں، اسکے دریاؤں کے بہاؤ، زرعی پیداوار اور معاشی شہ رگ کو دباؤ میں لانا بھی ایک مؤثر حربہ بن سکتا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کا تنازع اسی نئی جغرافیائی سیاست کا ایک تشویش ناک پہلو ہے۔سندھ طاس معاہدہ 1960ء میں عالمی بینک کی معاونت سے پاکستان اور بھارت کے درمیان طے پایا تھا۔ اسکے تحت مشرقی دریاؤں راوی، بیاس اور ستلج کے پانی پر بھارت کو بنیادی حقوق حاصل ہوئے، جبکہ مغربی دریاؤں سندھ، جہلم اور چناب کے پانی کا بڑا حصہ پاکستان کیلئے مختص کیا گیا۔ بھارت کو مغربی دریاؤں پر معاہدے میں متعین شرائط کے تحت محدود استعمال، خصوصاً پن بجلی پیدا کرنے کی اجازت ضرور ہے، لیکن اس اجازت کا مطلب پاکستان کے آبی حقوق کو یک طرفہ طور پر متاثر کرنا نہیں۔بھارت اپریل 2025ء میں سندھ طاس معاہدے کو یک طرفہ طور پر التوا میں رکھنے کے اعلان کے بعد دریائے چناب پر آبی ذخائر، پن بجلی منصوبوں اور پانی کی منتقلی کے بنیادی ڈھانچے کو تیزی سے وسعت دے رہا ہے۔ دریائے چناب میں بھارت کے پن بجلی منصوبوں کی مجموعی پیداواری صلاحیت 3,263میگاواٹ سے بڑھکر 7,620.5میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے، جبکہ ان منصوبوں کیلئے تقریباً 414.04ارب بھارتی روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ پانچ بڑے منصوبوں میں ساوال کوٹ 1,856میگاواٹ، کِرتھائی اول و دوم 1,320 میگاواٹ، پاکل دُل 1,000میگاواٹ، رَتل 850میگاواٹ اور بُرسر 800میگاواٹ شامل ہیں۔ اس سلسلے میں چناب۔ بیاس لنک منصوبہ خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ اس منصوبے کے تحت دریائے چندرا سے 8.7کلومیٹر طویل سرنگ تعمیر کی جائیگی اور اسے حاصل شدہ پانی کو 113کلومیٹر طویل نہری نظام کے ذریعے بھارتی ریاستوں تک پہنچانے کی تجویز ہے۔ اس پر 23.52ارب بھارتی روپے کی لاگت کا تخمینہ ہے اور سالانہ 1.9ملین ایکڑ فٹ پانی منتقل کرنیکی صلاحیت اس منصوبے کا حصہ ہے۔ یہ اعدادوشمار سندھ طاس معاہدے کی شق سوم کے تحت پاکستان کے آبی حقوق کو متاثر کر سکتے ہیں۔ اس قانونی بحث میں 31اگست 2026ء کا ہیگ میں قائم عالمی عدالتِ ثالثی کا فیصلہ غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ بھارت کی جانب سے معاہدے کو التوا میں رکھنے کا یک طرفہ اعلان اسے معطل یا ختم کرنے کیلئے کافی نہیں اور معاہدہ بدستور نافذ ہے۔ بھارت نے اس عدالت کے اختیار کو تسلیم نہیں کیا، تاہم یہ فیصلہ پاکستان کے قانونی مؤقف کو تقویت دیتا ہے۔ اس تنازعے کا سب سے حساس پہلو وسطی پنجاب کی زراعت ہے۔ دریائے چناب گیارہ سے زائد اضلاع کی زرعی زمینوں کو سیراب کرتا ہے۔ یہ اضلاع چاول اور گندم پیدا کرنیوالے خطے کا حصہ ہیں اور مجموعی زرعی پیدوار میں ان اضلاع کا حصہ تقریباً 22سے 25فیصد بتایا گیا ہے۔ اکتوبر سے دسمبر اور مئی سے جولائی کے اہم زرعی موسموں میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی کمی یا بے یقینی فصلوں کی پیداوار متاثر کر سکتی ہے۔سرگودھا ڈویژن اور وسطی پنجاب کے زرعی علاقوں کیلئے بھی یہ مسئلہ اہم ہے، تحصیل بھلوال، تحصیل کوٹ مومن میں زرعی معیشت کا تحفظ بھی اسی وسیع تر آبی منصوبہ بندی سے جڑا ہوا ہے۔ اگر بھارت دریائے چناب پر ابی منصوبہ جات مکمل کر لیتا ہے یا پانی ذخیرہ کرنیکی صلاحیت میں اضافہ کرتا ہے تو یہ دو تحصیلیں سب سے زیادہ متاثر ہونیوالے علاقوں میں شامل ہونگی۔ جبکہ مجموعی طور پر ممکنہ معاشی نقصان کا تخمینہ 9سے 11ارب ڈالر تک لگایا ہے۔ پاکستان چاول کی برآمدات سے سالانہ3.3سے 4ارب ڈالر حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اگر پانی کی کمی سے زرعی پیداوار متاثر ہوئی تو برآمدی آمدن گھٹنے کیساتھ غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے گندم اور دیگر اجناس کی درآمدات پر بھی قیمتی زرمبادلہ خرچ کرنا پڑیگا۔ لاکھوں کسان خاندانوں کا روزگار اور قومی غذائی تحفظ بھی خطرے میں پڑ سکتا ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ پاکستان کیا کرے؟ محض سفارتی احتجاج، عالمی بیانات اور قانونی مقدمات کافی نہیں۔ ہمیں عالمی قانون کے تحت اپنے حقوق کا دفاع جاری رکھتے ہوئے داخلی سطح پر بھی آبی انقلاب کی بنیاد رکھنا ہوگی۔ قومی آبی ایمرجنسی کا اعلان، نئے ذخائر کی تعمیر، موجودہ ڈیموں کی استعداد میں اضافہ، نہروں کی پختگی، پانی کے ضیاع کی روک تھام اور جدید آبپاشی نظام وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
بالخصوص چناب پر انحصار کرنے والے گیارہ سے زائد اضلاع میں ریئل ٹائم واٹر مانیٹرنگ اور پیشگی اطلاع کا نظام قائم کیا جائے۔ کسانوں کو متبادل فصلوں، کم پانی استعمال کرنیوالے بیجوں اور جدید زرعی طریقوں کی تربیت دی جائے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر ضلع وار آبی خطرات کا نقشہ تیار کریں تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں بروقت فیصلے کیے جا سکیں۔ پاکستان کو یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ پانی اب محض قدرتی وسیلہ نہیں بلکہ قومی سلامتی، معاشی خودمختاری اور غذائی تحفظ کا بنیادی مسئلہ ہے۔ بھارت کے منصوبوں کا جواب جذباتی نعروں سے نہیں بلکہ مضبوط سفارت کاری، قانونی استدلال، سائنسی تحقیق اور قومی منصوبہ بندی سے دیا جا سکتا ہے۔ پاکستان کیلئے آج سب سے بڑا سوال یہ نہیں کہ بھارت اپنے دریاؤں پر کیا تعمیر کر رہا ہے، بلکہ یہ ہے کہ ہم اپنے دریاؤں، اپنے پانی اور اپنی آنیوالی نسلوں کے تحفظ کیلئے کیا کر رہے ہیں؟ کیونکہ پانی کی حفاظت ہی دراصل پاکستان کی بقا کی ضمانت ہے۔