صوابی(نمائندہ جنگ) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا اور خاص کر ضلع صوابی میں صحت ،تعلیم ،مواصلات ،ایریگیشن اورآبپاشی وغیرہ کی مد میں جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بناکر عوامی محرومیوں کا ازالہ کرنا ہمارا مشن ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلع صوابی کے موضع کوٹھامیں کیپٹن ڈاکٹر محمد علی خان شہید میموریل رورل ہیلتھ سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے تحصیل ناظم ٹوپی سہیل یوسفزئی ،جاوید خان ، ندیم طاہر خیلی اور شہید کیپٹن ڈاکٹر محمد علی خان کی والدہ نے بھی خطاب کیا ۔سپیکر نے کہا کہ صحت اور تعلیم سمیت دیگر جدید سہولیات ضلع صوابی کے عوام کو ان کی دہلیز پر فراہم کی جارہی ہیں جن سے عوام کا معیار زندگی بہتر ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منتحب ہونے کے بعد انہوں نے شبانہ روز علاقہ میں جدید ترقیاتی منصوبوں کے اجراء کیلئے کا م کیا اورآج الحمداللہ اللہ پاک نے کافی کامیابی عطاء کی اور لوگوں نے محسوس کیا کہ میں نے جو وعدے عوام سے کئے تھے وہ بتدریج پورے ہورہے ہین انہوں نے مذکورہ رورل ہیلتھ سنٹر میں ایمبولنس، لیبارٹری کا سامان اور دیگر ضرویات کی فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو کیس بناکر بجھوانے کی ہدایت کی تاکہ مذکورہ سہولیات کی فراہمی کوممکن بنانے کیلئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا جاسکے انہوں نے کہا کہ ٹوپی میں ایجوکیشن وہیلتھ سٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس میں پی اے ایف کیڈٹ سکول ہسپتال اور دستکاری سنٹر وغیرہ ہو نگے مذکورہ کیڈٹ سکول میں50فیصد مفت تعلیم دی جائے گیااور وہ امید کرتے ہیں کہ ضلع صوابی کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے عوام باہم متحد ہو کر ان کا ساتھ دے گی ۔انہوں نے کہا کہ آپس کا انتحاد ترقی کی ضمانت ہے جبکہ تفرقہ اور منفی پراپیگنڈہ ترقی میں رکاوٹ کا سبب بنتاہے انہوں نے کہا کہ صوابی کے عوام باشعور ہیں اور ضلع کی ترقی کے خواہشمند ہیں جس میں وہ ضرور کامیاب ہو ں گے۔